چیف منسٹر کے سی آر کی سوشیل میڈیا گروپس کی سرگرمیوں پر نظر

   

ٹی آر ایس و دیگر جماعتوں کی تشہیر کا خود مشاہدہ ۔ بی جے پی کا جواب دینے پر خاص توجہ

حیدرآباد21 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر اپنی پارٹی اور دیگر جماعتوں کے واٹس ایپ گروپس میں سرگرمیوں سے واقف ہیں اور وہ خود ان کا مشاہدہ کرتے ہیں! ٹی آر ایس ‘بی جے پی کے طرز پر سوشل میڈیا ٹیم کو متحرک رکھنے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر سرگرم رہتے ہوئے مخالفین کا جواب دینے کی کوشش کر رہی ہے اور وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ جو کہ خود بھی ٹوئیٹر پر سرگرم ہیں اور ان کی ٹیم کو متحرک رکھے ہوئے ہیں ۔ یہ انکشاف ہواکہ چیف منسٹر خود بھی فیس بک و واٹس ایپ گروپس میں سرگرم ہیں لیکن کسی کو یہ پتہ نہیں کہ وہ کس نمبر یا پروفائیل سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چندر شیکھرراؤ فیس بک پر وقت گذارتے ہیں اور اپنے رفقاء کے پروفائیل کے ذریعہ فیس بک پر سرگرمیوں اور مباحث کا مشاہدہ کرتے ہیں علاوہ ازیں چیف منسٹر پارٹی کے واٹس ایپ گروپس میں بھی سرگرم ہیں اور وہ وقفہ وقفہ سے ان گروپس کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم نے اپنے ارکان کو واقف کروانا شروع کردیا ہے کہ خود چندر شیکھر راؤ واٹس ایپ اور فیس بک پر سرگرم ہیں اور مشاہدہ کر رہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کے آس پاس ہمیشہ تین چار آئی پیاڈ ہوتے ہیں جن سے وہ سوشل میڈیا سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ چندر شیکھر راؤ کی سوشل میڈیا پر موجودگی کی اطلاع کے بعد پارٹی کی سوشل میڈیا سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ کہا گیا کہ کے ٹی آر نے پارٹی سوشل میڈیا کو آرڈینیٹرس کو تاکید کی کہ وہ بی جے پی پروپگنڈہ کا مؤثر جواب دینے سے گریز نہ کریں اور بی جے پی کی تلنگانہ سے دشمنی کے متعلق مواد شئیر کرکے عوام میں شعور بیداری کیا جائے۔ ٹی آر ایس نے بھی بی جے پی کی طرز پر واٹس ایپ گروپس کے ذریعہ عوام تک رسائی حاصل کرنے منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور کئی واٹس ایپ گروپ کی تشکیل عمل میں لائی جارہی ہے۔م