حیدرآباد۔/9جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یادادری میں لکشمی نرسمہا سوامی مندر کی تزئین نو کے افتتاحی پروگرام کے مسئلہ پر بات چیت کیلئے آج شام چنا جیر سوامی سے ان کے آشرم پہنچ کر ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے 28 مارچ کو مہا کمبھ سمپروکشنم کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ 21 مارچ سے مہا سدرشن یاگم کا اہتمام کیا جائے گا جو 28 مارچ تک جاری رہے گا۔ حکومت نے مہا یاگم کے ذریعہ مندر کے افتتاحی پروگرام کا مہورت طئے کیا ہے۔ چنا جیر سوامی نے افتتاح کے مہورت کو قطعیت دی ہے۔ پروگرام کے انتظامات مہمانان کو مدعو کرنے اور دیگر امور پر چیف منسٹر نے چنا جیر سوامی کو واقف کرایا۔ فروری میں آشرم میں رامانجا چاریلو کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے پروگرام پر بھی بات چیت کی گئی۔ چیف منسٹر کا آشرم پہنچنے پر روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ ریاستی وزراء ہریش راؤ، پرشانت ریڈی اور رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار چیف منسٹر کے ہمراہ موجود تھے۔ر