بلڈ پریشر اور پلس ریٹ معمول کے مطابق۔ افراد خاندان و آفس ملازمین کا ٹسٹ نگیٹیو
حیدرآباد : تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی متاثر ہوگئے ۔ طبعیت کی خرابی کے بعد ان کا ریاپڈ انٹیجین ٹسٹ کرایا گیا جس میں وہ کورونا پازیٹیو پائے گئے ۔ ڈاکٹرس کے مشورہ پر چیف منسٹر اپنے فارم ہاؤز میں آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں ۔ کے سی آر کے شخصی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ کے مطابق چیف منسٹر کو کل ہلکا بخار ،سردرد اور اعضاء شکنی کی شکایت تھی ۔ لہذا انٹیجین ٹسٹ کرایا گیا جس کا نتیجہ پازیٹیو رہا ۔ ڈاکٹر راؤ کے مطابق RTPCR ٹسٹ کیلئے نمونے آج روانہ کئے گئے اور نتیجہ کل تک آئیگا ۔ ان کے مطابق چیف منسٹر کو آرام کیلئے فارم ہاؤز منتقلی کا مشورہ دیا گیا اور وہ ماسک کے ساتھ ایک کمرہ تک خودکو محدود کرچکے ہیں ۔ ڈاکٹرس کی خصوصی ٹیم ان کی صحت کی نگہداشت کررہی ہے ۔ ڈاکٹر راؤ یشودھا ہاسپٹل سے تعلق رکھتے ہیں اور کے سی آر کے شخصی معالج ہیں ۔ آئسولیشن اور آرام کے ساتھ معمول کی غذا کے استعمال سے وہ ٹھیک ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مستحکم اور صحت مند ہیں انہیں بخار و درد سر کی نارمل دوائی دی گئی ہے ۔ بلڈ پریشر اور پلس ریٹ نارمل ہے ۔ چیف منسٹر کو علحدہ کمرہ تک محدود رکھ کر معمول کی غذا دی جارہی ہے جو کہ وہ روزانہ استعمال کرتے ہیں ۔ RTPCR رپورٹ کی بنیاد پر آئندہ علاج کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر کے مطابق تشویش اور فکر کی کوئی بات نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کے افراد خاندان اور آفس کے 10 ملازمین کا بھی ٹسٹ کرایا گیا جو نگیٹیو رہا ۔ چیف منسٹر کے دفتر اور قیامگاہ میں کوئی بھی وائرس کا شکار نہیں ہے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے چیف منسٹر کی رپورٹ کی تصدیق کی اور بتایا کہ معمولی علامات کے بعد فارم ہاؤز میں آئسولیشن میں ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے فارم ہاؤز کے علاوہ پرگتی بھون کو مکمل سنیٹائز کیا جارہا ہے ۔ کے سی آر کے شخصی مددگاروں اور ملازمین کو بھی احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی گئی ۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق کے سی آر فون کے ذریعہ چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں سے ربط میں ہے ۔ انہوں نے ریاست میں کورونا صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ضروری ہدایات دیں ۔ چیف منسٹر کو ہائیکورٹ کے احکام سے واقف کروایا گیا جن میں اندرون 48 گھنٹے فیصلہ کی ہدایت دی گئی ۔ ڈاکٹرس کو شبہ ہے کہ ناگر جنا ساگر کے دورہ کے موقع پر کورونا کی زد میں آئے ہیں ۔ 14 اپریل کو کے سی آر نے انتخابی جلسہ سے خطاب کیا تھا ۔ ناگر جنا ساگر ٹی آر ایس امیدوار این بھگت اور ارکان خاندان بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ۔