آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات
حیدرآباد۔ 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو آج نئی دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔ وہ خصوصی طیارے سے آج دوپہر بیگم پیٹ ایرپورٹ سے پارٹی قائدین کے ہمراہ روانہ ہوئے۔ نئی دہلی کے دورے میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ کل 4 اکٹوبر کو 11:30 بجے دن وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوگی۔ ریاست کو درپیش مختلف مسائل پر وزیراعظم سے بات چیت کی جائے گی۔ مرکز سے ریاست کو حاصل ہونے والے فنڈس میں اضافہ اور کسی ایک پراجیکٹ کو قومی درجہ دینے کے لیے نریندر مودی سے نمائندگی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ حکومت نے کالیشورم پراجیکٹ کو قومی درجہ دینے کا مرکز سے ایک زائد مرتبہ مطالبہ کیا ہے۔ ریاست میں مشن کاکتیہ اسکیم کا نیتی آیوگ نے جائزہ لینے کے بعد ستائش کی تھی۔ اس اسکیم کے سبب تلنگانہ میں ذخائر آب اور تالابوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مذکورہ اسکیم کے لیے مرکز سے فنڈس کے سلسلہ میں سابق میں وزیراعظم سے نمائندگی کی جاچکی ہے۔ گھر گھر پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق مشن بھگیرتا اسکیم کا وزیراعظم نریندر مودی نے آغاز کیا تھا۔ نیتی آیوگ نے اس اسکیم کے لیے فنڈس کی مرکز سے سفارش کی۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر دونوں اسکیمات کے لیے مرکزی فنڈس کی پھر ایک بار درخواست کریں گے۔ کنٹونمنٹ علاقے میں سڑک کی توسیع کے لیے ڈیفنس کی اراضی حوالے کرنے کے لیے تلنگانہ حکومت نے مرکز سے درخواست کی ہے۔ مجوزہ ملاقات میں کے سی آر پھر ایک مرتبہ اس مسئلہ پر وزیراعظم کی توجہ مبذول کریں گے۔