چیف منسٹر کے سی آر کا آج صبح دورہ گجویل، شام میں کابینی اجلاس

   

حیدرآباد 10 ڈسمبر (این ایس ایس) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اپنے حلقہ انتخاب گجویل کا چہارشنبہ کو دورہ کریں گے اور وہاں چند ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر (سی ایم او) کے ایک اعلامیہ کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر اُسی روز (11 ڈسمبر چہارشنبہ کو) شہر واپس ہوں گے اور 5 بجے شام پرگتی بھون میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ آر ٹی سی ملازمین کو دی جانے والی رعایتوں اور فوائد، جدید قانون مال، مشترکہ سرمائی اجلاس کی طلبی، انسداد رشوت ستانی، ریونیو مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی، اراضیات کے آن لائن رجسٹریشن، ریکارڈس اور مالکین کے ناموں کی تبدیلی وغیرہ جیسے اُمور و مسائل پر بھی وہ اپنے کابینی رفقاء کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کے سی آر چہارشنبہ کو 11 بجے دن گجویل کے دورہ کا آغاز کریں گے۔ وہ ملگ میں تعمیر شدہ تلنگانہ فارسٹ کالج اور ہارٹیکلچر یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے۔ ریاستی حکومت نے 2016 ء میں تلنگانہ فارسٹ کالج اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا تھا اور طلبہ کی سہولت کے لئے کیمپس میں بلڈنگ کی تعمیر بھی شروع کی گئی تھی۔ چیف منسٹر اس موقع پر ہارٹیکلچر یونیورسٹی اور بلڈنگ کامپلکس کا افتتاح کریں گے۔ اس کے اس دورہ میں وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی، وزیر صحت ایٹالہ راجندر، وزیر فینانس ہریش راؤ اور دوسروں کی شرکت متوقع ہے۔