کانگریس کے قائدین دہلی بی جے پی کے قائدین گجرات کے غلام ، کے ٹی آر کا پارٹی کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے مقابلہ کرنے سے اسمبلی حلقہ کاماریڈی میں اراضیات کی قیمتوں میں 20 تا 30 گنا اضافہ ہوجائے گا ۔ ملک کے مثالی حلقہ میں تبدیل ہوجائے گی ۔ اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے بھکنور منڈل ہیڈکوارٹر پر منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چند کسانوں نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے ماسٹر پلان کی مخالفت کی ہے جس کو وہ قبول کرچکے ہیں اور وعدہ کررہے ہیں ۔ ماسٹر پلان پر کوئی عمل آوری نہیں ہوگی کسان اور عوام اپنی اراضیات کو فروخت نہ کریں بلکہ محفوط رکھیں چیف منسٹر کے سی آر کے مقابلہ کرنے کے بعد اراضیات کی قیمتوں میں 20 تا 30 گنا اضافہ ہوجائے گا ۔ کانگریس کے قائدین چیف منسٹر کے کاماریڈی سے مقابلہ کی وجہ دریافت کررہے ہیں ۔ گمپاگوردھن ریڈی کی اپیل پر کے سی آر نے کاماریڈی سے بھی مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین کو دہلی کے اور بی جے پی قائدین کو گجرات کے غلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں قومی جماعتیں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے عوام کو دھوکہ دینے کے ساتھ پیسہ پانی کی طرح بہا رہے ہیں ۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں پیسہ کانگریس اور بی جے پی سے حاصل کریں مگر ووٹ بی آر ایس کو دیں ۔ ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملے میں تلنگانہ ملک کی سرفہرست ریاست ہے مگر کانگریس اور بی جے پی قائدین کو تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی نظر نہیں آرہی ہے ۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل 55 سال تک کانگریس نے ریاست پر حکمرانی کی ہے ۔ مگر ریاست کو ترقی دینے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ کاماریڈی کی سڑکیں ، پینے کا پانی اور زرعی سرگرمیوں کے پانی کے بارے میں سوال کرنے کا محمد علی شبیر کو اخلاقی حق بھی نہیں ہے کیوں کہ جو بھی ترقی ہوئی ہے وہ بی آر ایس حکومت کی مرہون منت ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر 9 نومبر کو اسمبلی حلقہ کاماریڈی سے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ اس کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے ۔ بی آر ایس کو کامیاب بنانے پر 400 روپئے میں پکوان گیس ملے گا 2000 روپئے کا پنشن 5000 روپئے ہوجائے گا ۔ غریب عوام کو 5 لاکھ روپئے کا انشورنس فراہم کیا جائے گا ۔۔ ن