اس سلسلہ میں ضلع ونپرتی کے ایدولہ میں تعمیری پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا ۔
ونپرتی ۔29 ۔ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع محبوب نگر و رنگا ریڈی کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے جنگی خطوط پر کام کرتے ہوئے اندرون ایک سال میں پالمور رنگا ریڈی لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا ۔ آج متحدہ محبوب نگر میں زیر تعمیر پالمور رنگا ریڈی لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے تعمیری کاموں کے مشاہدے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع محبوب نگر کا دورہ کیا ۔ اس سلسلہ میں ضلع ونپرتی کے ایدولہ میں تعمیری پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں محبوب نگر ضلع کو سابق حکومتوں نے ہر اعتبار سے پسماندہ کیا ہے ۔ محبوب نگر ضلع خشک سالی ، پسماندہ ضلع کے نام سے جانا جاتا ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت اقتدار پر آکر محبوب نگر ضلع کی پسماندگی دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کی تعمیر میں تاخیر ہونے کی اصل وجہ بعض لوگوں کا اس پراجکٹ کی تعمیر میں کیسوں کو ڈال کر رکاوٹ پیدا کی ہے ۔ اس پراجکٹ کی تعمیر میں تاخیر ہونے سے کلواکرتی لفٹ ایریگیشن پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس کو مکمل کرلیا جا کر کسانوں کو زراعت کیلئے پانی دیا گیا ہے جس سے 11 لاکھ 22 ایکڑ اراضی کو سیراب کرتے ہوئے 1200 سے زائد تالابوں کو لبریز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں محبوب نگر کو پینے کے پانی کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ کرناٹک سے پینے کے پانی کیلئے پانی مانگا جاتا تھا ۔ یہ سب سابقہ کانگریس پارٹی حکومتوں کا دین ہے ۔ گوداوری کرشنا کو ملانے کیلئے آندھراپردیش چیف منسٹر ایوان کے کابینہ سے بات چیت جاری ہے جو آخری مراحل میں ہے۔ اگر یہ دونوں مل جائے تو محبوب نگر ، نلگنڈہ ، رنگا ریڈی ، حیدرآباد کو کافی فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی قائدین کے پاس پا نی کو استعمال کرنے کا سلیقہ نہ ہونے سے تلنگانہ علاقہ بچھڑا ہوا علاقہ تصور کیا جاتا تھا لیکن ٹی آر ایس حکومت ماہرین سے صلاح و مشورہ کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کا ایک مقصد بناکر آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف دونوں کے حصول کیئلے ٹی آر ایس پار ٹی نے عوام سے وعدہ نہیں کیا ہے بلکہ ایک مستقل لائحہ عمل ٹی آر ایس کے پاس ہے جس سے تلنگانہ ریاست ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کسان قرض کے دلدل میں پھنسے ہوتے ہیں، ان کو قرض سے نکالنے کے لئے ٹی آر ایس حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ اس کی ایک کڑی کسانوں کو مفت برقی سربراہی ہے۔ آئندہ 8 دس سال میں کسانوں کو قرض سے نکال کر خود مختار بنانے کیلئے ٹی آر ایس حکومت کوشش کر رہی ہے ۔ مفت سربراہی پر اپوزیشن تنقید کرتی ہے۔ کسانوں کی فلاح ٹی آر ایس حکومت کا مقصد ہے ۔ کتنے روپئے بھی خرچ ہوں اس کے لئے حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پالمور رنگا ریڈی کو مکمل کرنے کیلئے حیدرآباد کے قیمتی اراضیوں کو فروخت کیلئے رکھا گیا ہے ۔ اس کی مکمل رقم کو اس پراجکٹ کے لئے خرچ کیا جائے گا ۔ اس سے قبل ضلع کلکٹر نے چیف منسٹر کا استقبال کیا ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر زراعت نرنجن ریڈی ، وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ ، رکن اسمبلی ہرش وردھن ریڈی ، مرلی جناردھن ریڈی ، جئے پال یادو ، لکشما ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔
