چیف منسٹر ہریانہ کھٹر کی اپیل قبول کرنے سے وی ایچ پی لیڈر کا انکار

   

نوح : ضلع نوح پہنچے وی ایچ پی لیڈر آلوک کمار نے جارحانہ انداز اختیار کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ نوح پولیس آس پاس کے علاقوں سے آئے عقیدتمندوں کو لے کر تین بسوں میں بھر کر نلہڑ مہادیو مندر پہنچی، وی ایچ پی لیڈر دیویندر یادو بھی ان عقیدتمندوں کے ساتھ بس میں سوار ہو کر مندر پہنچے۔ ہریانہ کے نوح میں برج منڈل یاترا پھر سے نکالے جانے کے اعلان کو پیش نظر رکھتے ہوئے مقامی انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے۔ ہریانہ حکومت نے اس یاترا کی اجازت نہیں دی ہے لیکن وی ایچ پی نے ہر حال میں برج منڈل یاترا نکالنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد نوح میں جگہ جگہ سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے اور دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔ اس درمیان وی ایچ پی (وشو ہندو پریشد) لیڈر آلوک کمار نوح پہنچ گئے اور کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایڈمنسٹریشن کی اتنی بدانتظامی نہیں دیکھی۔ ہمیں چیف منسٹرٰ منوہر لال کھٹر کی اپیل قطعی قبول نہیں ہے۔ ہم لوگ جل ابھشیک کریں گے اور یاترا بھی کریں گے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وی ایچ پی لیڈر آلوک کمار کی ضد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ اپنی سیکورٹی میں انھیں اور کچھ دیگر لوگوں کو لے کر نلہڑ مندر جل ابھشیک کرانے کیلئے پہنچی۔ سیکورٹی اہلکاروں نے ہر حال میں یہ یقینی بنانے کی کوشش کی کسی بھی طرح کا تشدد یا پھر اشتعال انگیزی پیش نہ آئے۔ ہریانہ کی ڈی جی پی ممتا سنگھ کا ایک بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ نوح میں کسی بھی طرح کی یاترا کی اجازت نہیں ہے۔ تشدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔