چیف منسٹر 15 ستمبر کو 9 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کا افتتاح کریں گے : ہریش راؤ

   

عنقریب وقار آباد ، بھوپال پلی اور سدی پیٹ میں 50 بستروں پر مشتمل ایوش ہاسپٹلس کا قیام
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر 15 ستمبر کو ایک ہی دن 9 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کا افتتاح کریں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے موقع پر تلنگانہ میں صرف 5 گورنمنٹ میڈیکل کالجس تھے ۔ اب ان کی تعداد بڑھ کر 26 تک پہونچ گئی ہے ۔ یہ تعداد آئندہ سال 34 تک ہوجائے گی ۔ مریضوں کی اپیل پر نمس ہاسپٹل میں ایوش ویلنس سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ یہاں ایورویدا ، ہومیو ، نیچرپتی ، سدا ، یونانی جیسی مختلف طبی خدمات فراہم ہوں گی ۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ وقار آباد ، بھوپال پلی اور سدی پیٹ میں 50 بستروں پر مشتمل 3 آیوش ہاسپٹلس قائم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ابھی تک چاول کی پیداوار میں سارے ملک میں سرفہرست تھا اب ڈاکٹرس کی پیداوار میں بھی نمبر ون مقام حاصل کرے گا ۔ تلنگانہ کے طلبہ نے ڈاکٹرس بننے کا جو خواب دیکھا تھا اس کو چیف منسٹر کے سی آر نے شرمندہ تعبیر کیا ہے ۔ ایک وہ بھی زمانہ تھا جب تلنگانہ کے طلبہ طبی تعلیم حاصل کرنے کے لیے کرناٹک ، مہاراشٹرا ، چین ، یوکرین ، روس جایا کرتے تھے ۔ آج تلنگانہ میں طبی تعلیم حاصل کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر ریاست کے ہر ضلع میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کررہے ہیں ۔ اس سلسلہ کے تحت 9 میڈیکل کالجس میں داخلوں کا عمل مکمل ہورہا ہے ۔ پہلے مرحلے کے داخلوں کا عمل مکمل ہوگیا ۔ دوسرے مرحلے کے داخلوں کا عمل آخری دور میں پہونچ گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر 15 ستمبر کو حیدرآباد سے آن لائن میں ایک ساتھ 9 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کا افتتاح کریں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نرسنگ اور پیرا میڈیکل کالجس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔ ہر ضلع میں ایک بی ایس سی نرسنگ پیرا میڈیکل کالجس دستیاب رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈاکٹرس اسٹاف نرس اور پیرا میڈیکل عملہ کا تقرر کرتے ہوئے ملک کے لیے درکار طبی شعبہ تلنگانہ میں مستحکم کیا جارہا ہے ۔۔ ن