چینائی ڈپو میں 740 ٹن امونیم نائٹریٹ کا ذخیرہ

,

   

بیروت دھماکے کے بعد پی ایم کے کی جانب سے تشویش کا اظہار ، محفوظ استعمال پر زور

چینائی۔ چینائی کے ایک ویر ہاؤز میں بھاری مقدار میں امونیم نائٹریٹ کا ذخیرہ کیا گیا ہے۔ پی ایم کے نے 740 ٹن امونیم نائٹریٹ کے چینائی ڈپو میں ذخیرہ پر لبنان کے بیروت میں ہوئے حالیہ دھماکے کے بعد تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ایم کے کی جانب سے خدشات کے اظہار کے بعد کسٹمس عہدیداروں نے کہا ہے کہ ویر ہاؤز میں کیمیکل محفوظ ہے اور یہ ویر ہاؤز شہر کے مضافات میں واقع ہے۔ لبنان میں منگل کو ہوئے دھماکے کے بعد چینائی میں امونیم نائٹریٹ کے ذخیرہ کے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ لبنان میں ہوئے دھماکے میں 138 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 5,000 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بیروت کے کارگو پورٹ میں 2,700 ٹن امونیم نائٹریٹ کا ذخیرہ کیا گیا تھا جہاں یہ دھماکہ ہوا۔ جمعرات کی صبح کسٹمس عہدیداروں نے چینائی کے ویر ہاؤز کا معائنہ کیا جہاں 740 ٹن امونیم نائٹریٹ کا ذخیرہ کیا گیا۔ کسٹمس حکام نے کرور کی ایک کمپنی کے نام پر لائے گئے اس کیمیکل کو پانچ سال قبل ضبط کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ کیمیکل درآمد کرنے والی کمپنی کے پاس مطلوبہ لائسنس نہیں تھا لہذا کیمیکل کو ضبط کرکے بیاگس میں اس کا ذخیرہ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بیروت کی بندرگاہ میں بھی کئی برسوں سے امونیم نائٹریٹ کا ذخیرہ کیا گیا تھا جس میں دو دن قبل دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں نہ صرف بندرگاہ تہس نہس ہوگئی بلکہ شہر میں بھی بڑی تباہی ہوئی ہے۔ اس حادثہ کے بعد پی ایم کے لیڈر ڈاکٹر ایس راموداس نے اس ذخیرہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرٹیلائزرس کی تیاری میں محفوظ طریقے سے اس کے استعمال پر زور دیا ہے۔