بیجنگ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین کے مشرقی صوبہ فوجیان میں ہفتے کی شب کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص ایک ہوٹل منہدم ہوگیا ہے۔اس کے نتیجے میں کم سے کم 70 افراد ملبے تلے دب کر رہ گئے ہیں۔کوان ڑو شہر میں واقع شین جیا ہوٹل کو حال ہی میں کرونا وائرس کے مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے ایک خصوصی مرکز میں تبدیل کیا گیا تھا۔کوان ڑو کی شہری حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس ہوٹل کی عمارت شام ساڑھے سات بجے کے قریب منہدم ہوئی تھی اور شب نو بجے تک اس کے ملبے سے 23 افراد کو نکال لیا گیا تھا۔چین کی سرکاری خبررساں ایجنسی ڑنہوا کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں جاری تھیں۔چینی روزنامہ پیپلز ڈیلی کی اطلاع کے مطابق اس پانچ منزلہ ہوٹل کے 80 کمرے ہیں۔اس کو حال ہی میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کے لیے قرنطینہ ( تنہائی) مرکز میں تبدیل کیا گیا تھا۔تازہ ترین اطلاعات کے بموجب اِس عمارت کے انہدام سے 10 افراد کی ہلاکت واقع ہوگئی۔
