بیجنگ ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چینی صدر ژی جن پنگ آج منگل کو کورونا وائرس کے ’ایپی سینٹر‘ ووہان شہر پہنچے۔ یہ وائرس سب سے پہلے اسی شہر میں سامنے آیا تھا اور سب سے زیادہ افراد بھی اسی شہر میں اس وائرس کا شکار بنے ہیں۔ شی جن پنگ کے اس دورے کو چین میں اس وائرس کے حوالے سے صورت حال بہتر ہونے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ ووہان شہر سمیت پورا ہوبے صوبہ جنوری سے مکمل طور پر لاک ڈاؤن ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ان سخت اقدامات کی وجہ سے اس وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف چین کو خاصی کامیابی ملی ہے۔ چینی صدر نے اپنے اس دورے میں متعدی بیماریوں کے انسداد کے ایک مرکز کا معائنہ بھی کیا۔ میڈیا پر دکھائے گئے مناظر میں شی جن پنگ ماسک پہنچے ہوئے تھے، جب کہ انہوں نے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیکل اسٹاف اور وائرس سے متاثرہ افراد سے خطاب بھی کیا۔
مراقش میں کورونا کا پہلا کیس
رباط ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کویت میں کورونا کے 4 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مراکش میں کرونا کے پہلے مریض کا اعلان کیا گیا ہے۔کویتی نیوز ایجنسی (کونا) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 4 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں فوری طور پر قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔کویتی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ ’نئے مریضوں میں سے دو کو ایران جانے سے وائرس منتقل ہوا ہے‘۔انہوں نے کہا ہے کہ ’تیسرا مریض مصر سے واپس آیا ہے جبکہ چوتھا مریض مصری تارک وطن ہے جسے کورونا کے مریض سے روابط رکھنے سے وائرس منتقل ہوا ہے‘۔ترجمان نے بتایاہے کہ ’نئے مریضوں کے بعد کویت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 69 ہوگئی ہے‘۔