چینی نمونیا بیماری کا وائرس تیسرے ایشیائی ملک میں پہنچ گیا

   

بیجنگ ۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ اور جاپان کے بعد جنوبی کوریا کے طبی حکام نے ایک مریض میں اْس وائرس کی تشخیص کی ہے، جو وسطی چینی صوبے وْوہان میں وبا کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ نمونیا بیماری کے وائرس کی حامل جنوبی کوریائی خاتون ووہان سے واپس اپنے ملک پہنچی تھی۔ دوسری جانب وْوہان میں اس وائرس کی وجہ سے تیسرا مریض بھی شدید علالت کی وجہ سے فوت ہوگیا ۔اِس صوبے میں 136 نئے مریضوں میں اس وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ اسی طرح چینی دارالحکومت بیجنگ میں بھی ووہان سے لوٹنے والے دو افراد میں نمونیے کی علامات پائی گئی ہیں۔ اس وائرس کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ تک پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ گوانگ ڈونگ میں آٹھ افراد کی طبی نگہداشت جاری ہے۔