چینی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستانی حکام کے حوالے

   

اسلام آباد: چین نے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان کے حوالے کر دی ہے۔پیر کو اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر کورونا ویکسین پاکستان کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں چین کے سفیر اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھیپاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین نے پاکستان سے لازوال دوستی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ ہمارے سفارتی تعلقات کو رواں سال سات دہائیاں پوری ہو رہی ہیں اور اس کو شایانِ شان طریقے سے منائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’صدر شی جنپنگ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے کہا تھا کہ جس دن یہ ویکسین بنے گی ہم اس کو لوگوں کی جانوں کے تحفظ کے لئے استعمال کریں گے۔‘ان کا کہنا تھا کہ چین سے دوستی صرف حکومتوں کی حد تک نہیں بلکہ عوام کے درمیان بھی دوستی ہے۔قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پیر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چینی ویکسین کی کھیپ پہنچنے کی تصدیق کی تھی ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹویٹ کیا کہ الحمد اللہ سائنوفارم کی پہلی کھیپ آگئی ہے۔ چین اور ان سب کے شکرگزار ہیں جن کی وجہ سے یہ ممکن ہوا۔اپنے ٹوئیٹ میں ڈاکٹر فیصل نے کورونا کی روک تھام کے لئے منظم انتظامات پر کرنے پر وفاقی ادارے اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ این سی او سی اور صوبوں نے کورونا سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے طبی ورکرز کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ میں فرنٹ لائن پر ڈیوٹی کرنے والے ہیلتھ ورکرز کی کوششوں پر انہیں سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ انہیں سب سے پہلے ویکسین لگے گی۔