چین اور وسطی ایشیا کا چیلنجز سے بھرا بڑا ریلوے منصوبہ

   

بیجنگ : چین اور وسطی ایشیا کو جوڑنے والے ایک بڑے ریلوے منصوبہ پر اس سال کام شروع ہو گا جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیجنگ کو خطے میں تجارتی روابط بڑھانے سمیت چینی اثر و رسوخ قائم کرنے میں بھی مدد گار ہو گا مگر اس منصوبے کو کچھ چلینجز کا بھی سامنا ہے۔ 400 کلومیٹر سے زیادہ طویل سی کے یو کے مخفف کے نام کا چین-کرغزستان-ازبکستان ریلوے منصوبہ چین کے “بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو” یا بی آر آئی کے تحت ریلوے کے متعدد منصوبوں میں سے ایک ہے۔ واضح رہے کہ چین کا بی آر آئی پروگرام دنیا کے 150 سے زائد ممالک اور 32 بین الاقوامی تنظیموں سمیت ایک عالمی بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ ہے جو مشرق بعید کے کئی ملکوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔ سی کے یو ریلوے لائن چین کے شمال مغربی سنکیانگ خود مختار علاقہ کے کاشغر شہر سے شروع ہو کر درہ ترگورت کے ذریعہ کرغزستان میں داخل ہو گی۔ اس کے بعد یہ لائن مغرب میں کرغزستان کے سرحدی شہر جلال آباد سے گزرتے ہوئے ازبکستان کے مشرقی شہر اندیجان پر ختم ہو گی۔