بیجنگ : چین نے اتوار سے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کے پیش نظر لازمی قرنطینہ کی پابندی ختم کر دی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گذشتہ ماہ سے چین کی ’زیرو کووڈ‘ پالیسی کو دھچکا لگا اور کورونا ٹیسٹنگ، نقل و حرکت پر پابندی اور لاک ڈاؤن کے خلاف تاریخی مظاہرے ہوئے جس کی وجہ سے دنیا کی دوسری بڑی معیشت کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔بیجنگ نے اگرچہ غیر ملکی سیاحوں اور بین الاقوامی طلباء کو چین کا سفر کرنے سے روک رکھا ہے تاہم دوسرے ممالک کی طرف سے عائد سفری پابندیوں کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیا ہے۔چین میں ایک بار پھر سے سر اٹھاتی کورونا وائرس کی وبا کے سائے میں نئے قمری سال کی 40 روزہ چھٹیوں کا آغاز ہوا ہے جن میں لوگ بڑی تعداد میں اندرونِ ملک سفر کرتے ہیں۔ اسے دنیا کی سب سے بڑی سالانہ نقل و حرکت کہا جاتا ہے۔سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ چھٹیوں کے بعد نصف صدی میں پہلی بار سب سے زیادہ متاثر ہونے والی 17 کھرب ڈالر کی چینی معیشت پھر سے بحالی کی جانب گامزن ہو جائے گی۔