چین میں ٹی وی پر عورتوں سے مشابہہ مرد دکھانے پر پابندی

   

بیجنگ۔ چینی حکومت نے ٹیلی وژن (ٹی وی) پر عورتوں سے مشابہہ مرد یا مخنث افراد سے ملتے جلتے انداز اپنانے والے مرد حضرات سمیت سیاسی و ثقافتی طنز کرنے والے مردوں کو دکھانے پر پابندی عائد کردی۔اے پی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے ’قومی بحالی شباب‘ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے مذکورہ پابندیوں کا اعلان کیا۔چینی صدر نے تعلیم، کاروبار، ثقافت اور مذہب جیسے معاملات پر حکومتی کنٹرول بڑھانے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکرین پر غیر مہذب مردوں کو دکھانے سے منفی اثرات پڑتے ہیں۔ریڈیو اور ٹیلی وژن کے معاملات دیکھنے والے حکومتی ادارے ’نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن‘ (این آر ٹی اے) کی جانب سے تمام نشریاتی اداروں کو جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا کہ عورتوں سے مشابہت رکھنے والے مرد حضرات کو اسکرین پر نہ دکھایا جائے۔ہدایت نامہ میں واضح طور پر مخنث افراد کا لفظ استعمال نہیں کیا گیا لیکن بتایا گیا کہ ایسے مرد حضرات کو ٹی وی پر دکھانا بند کیا جائے، جن کی شکل و صورت صنف نازک سے ملتی جلتی ہو۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹی وی اینڈ ریڈیو کے ریگولیٹ ادارے نے نشریاتی اداروں کے جاری ہدایت نامہ میں سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔