بیجنگ۔ 11مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) چین میں جان لیوا کوروناوائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3158 ہو گئی جبکہ 80,770 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں جبکہ 61,475 مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دیدی گئی ہے ۔ اسٹیٹ ہیلتھ کمیٹی نے آج یہ اطلاع دی۔ کمیٹی نے کہا کہ اسٹیٹ ہیلتھ کمیٹی کو ملک کے 31 صوبوں سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق اب تک تقریباً 80,770 افراد کے کورونا وائر سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور تقریباً 16,145 مریضوں کو سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے جن میں سے 4492 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔تقریباً 61,475 مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد سے اسپتال سے چھٹی دیدی گئی ہے ۔کمیٹی نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اگرچہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 24 کیس ہی درج کئے گئے ہیں جبکہ 1578 مریضوں کو اسپتال سے چھٹی دی گئی ہے اور اس دوران 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بہت سے لوگوں کو نگرانی میں بھی رکھا گیا ہے ۔قابل غور ہے کہ چین کے صوبہ ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے پاؤں پھیلانے والاجان لیوا کورونا وائرس کی زد میں دنیا کے 104 سے زیادہ ملک آ گئے ہیں اور اس سے مرنے والوں کی تعداد 4270 ہو چکی ہے جبکہ 118,129 افراد اس وائرس سے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
برطانیہ کی وزیر صحت بھی کورونا وائرس سے متاثر
لندن۔ 11مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی وزیر صحت اور کنزرویٹو پارٹی کی رکن ِ پارلیمان نادین ڈورس بھی کورونا وائرس کی گرفت میں آگئی ہیں ۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ڈورس نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد کہا کہ اس بیماری کا پتہ لگنے کے بعد انہوں نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیں ہیں اور کچھ دنوں کیلئے انہوں نے خود کو سب سے الگ کر لیا ہے ۔ مڈ بیڈفورڈ شائر سے رکن ِ پارلیمنٹ ڈورس نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ برطانیہ کے محکمہ صحت نے ان لوگوں کا پتہ لگانا شروع کر دیا ہے جن کے ساتھ وہ رابطے میں تھیں ۔ محکمہ اور ان کا پارلیمانی دفتر ا ن تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کر رہا ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا کہ ’’یہ بہت برا ہے لیکن میں اس سے نمٹنے کی امید کر رہی ہوں‘‘۔ ڈورس کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحت سیکریٹری میتھو ہنکوک سمیت تمام وزراء صحت اور ان کے ساتھ رابطے میں آنے والے دیگر حکام کا بھی ٹیسٹ کرایا جائے گا ۔ واضح ر ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک چھ افراد کی موت ہو چکی ہے اور منگل کی شام تک ملک میں کورونا کے 382 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے ۔