بیجنگ، 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین میں مہلک وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3042 ہو گئی ہے اور مجموعی طور پر 80552 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ ملک کے 31 صوبوں میں کورونا وائرس کے 80552 معا ملے سامنے آنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ اس متعدی مرض کی وجہ سے فی الحال 23784 افراد بیمار ہیں جن میں سے 5737 کی حالت ناز ک ہے ، 3042 افراد کی موت ہو گئی ہے اور 53726 افراد کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ کمیشن نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 143 نئے معاملات کی تصدیق ہوئی ہے اور 30 افراد کی موت ہو گئی ہے ۔ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ گزشتہ دسمبر میں ووہان میں سامنے آیا تھا ۔
کوروناوائرس : نیپال نے ہندوستان کے ساتھ
اپنی سرحد پر نگرانی بڑھادی
کھٹمنڈو ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نیپال نے کوروناوائرس کے امکانی پھیلاؤ کو روکنے ہندوستان سے ملی ہوئی اپنی سرحد پر احتیاطی اقدامات کئے ہیں کیونکہ ہندوستان میں اب تک 31 افراد کے اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں جس کی وجہ سے نیپال کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتا۔ احتیاطی اقدامات کے تحت حکومت نیپال نے نیپال گنج اور بھدراپور ایرپورٹس پر صحت ڈیسک قائم کئے ہیں جو نیپال۔ ہندوستان کی سرحد پر واقع ہیں جبکہ سرحد کے37 علاقوں میں حکومت نے ہیلتھ ٹیموں کو بھی تعینات کیا ہے۔ ہیلتھ ورکرس کے ساتھ ساتھ سیکوریٹی اہلکار بھی موجود رہیں گے۔ یاد رہیکہ نیپال میں کوروناوائرس سے اب تک صرف ایک شخص کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے اور اس کا کامیاب علاج بھی کیا جاچکا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے
چھٹے معاملے کی تصدیق
اسلام آباد،6مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں کورونا وائرس کا ایک اور معاملہ سامنے آنے کے بعد کل تصدیق شدہ معاملوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے ۔وزیراعظم کے خصوصی اسسٹنٹ (طبی معاملے )ظفر مرزا نے جمعرات دیر رات یہ اطلاع دی۔مسٹر مرزا نے ٹویٹ کرکے کہا،‘‘مریض جنوبی صوبے کا ہے اور اس کی حالت بہتر ہے اور علاج کیاجارہا ہے ۔’’طبی اہلکاروں نے بتایا کہ یہ معاملہ کراچی میں سامنے آیا تھا اور اس کے گھروالوں کو الگ رکھاگیاہے اور ڈاکٹر مسلسل ان کی جانچ کررہے ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹ میں کہاگیاہے کہ یہ مریض 69سال کا ہے اور وہ 25فروری کو ایران سے لوٹا تھا۔اس کے خون کے نمونوں کو جانچ کے لئے تجربہ گاہ بھیجا گیا جہاں اس کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے ۔سندھ صوبے میں یہ تیسرا معاملہ ہے اور دیگر تین مریضوں کا دارالحکومت اسلام آباد میں علاج چل رہا ہے ۔پاکستان اس بیماری کی روک تھام کے لئے ضروری قدم اٹھارہاہے ۔سندھ میں سبھی تعلیمی اداروں کو15مارچ تک بند کردیا گیاہے ۔