بیجنگ : 4 جنوری ( ایجنسیز ) چین نے امریکہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ وینزویلا کی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں بند کرے۔چینی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کا وینزویلا پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، امریکہ کی جانب سے طاقت کے زور پر وینزویلا کے صدر اور ان کی بیوی کو پکڑنے اور ملک سے باہر لے جانے پر گہری تشویش ہے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو فوری رہا کرے اور مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔روس، کولمبیا اور کیوبا نے بھی وینزویلا پر امریکی حملے کی مذمت کی ہے جبکہ ایران نے سلامتی کونسل سے فوری کارروائی کرنے اور ذمے داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکی حملے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے ضوابط کا احترام نہیں کیا جا رہا۔واضح رہے کہ فلوریڈا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئیصدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر مادورو کیخلاف کرمنل چارجز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میری ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیرمعمولی آپریشن کیا، امریکی فوج کی فضائی، زمینی اورسمندری طاقت کا شاندار مظاہرہ دیکھا گیا، غیرمعمولی تھا۔
