بچے اب ’ژی جن پنگ دادا‘ کی کہانیاں پڑھیں گے
بیجنگ ۔ چین میں یکم ستمبر سے تعلیمی سال کا ؑآغاز ہوتا ہے اور اس بار ابتدائی تعلیم کی کلاسوں کے طلبہ کے نصاب میں نئی تبدیلیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔ پہلی جماعت ہی سے نئی کلاسوں میں ایک لازمی مضمون پڑھایا جائے گا جس کا عنوان ہے’ژی کے افکار‘۔ یہ بنیادی طور پر سوشلزم اور جدید دور میں چین کی خصوصیات سے متعلق صدر ژی جن پنگ کے خیالات اور تصورات پر مبنی مضمون ہے۔ نئے نصاب سے معلوم ہوتا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اور شی جن پنگ چین کے عوام کی نظریاتی طور پر کنٹرول کرنے کے لیے کس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے 2020 میں چین کی جامعات میں شی کے ’افکار‘ کی تعلیم کا آغاز کیا گیا تھا اور اب نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق ابتدائی تعلیم کے نصاب میں بھی اسے شامل کر دیا گیا ہے۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ترجمان اخبار گلوبل ٹائمز’ کے مطابق نصاب میں آنے والی تبدیلیوں کے لیے وزارت تعلیم نے رہنما اصول جاری کردیے ہیں۔ وزارتِ تعلیم نے 24 اگست کو اس سلسلے میں تفصیلی ہدایات جاری کی ہیں جن کے مطابق ابتدئی تعلیم کے اسکول بچوں میں ملک، چین کی کمیونسٹ پارٹی اور سوشلزم سے محبت پیدا کرنے پر توجہ دیں گے۔