سان فرانسسکو 14 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایپل کی جانب سے چین کے باہر اپنے تمام اسٹورس کو 27 مارچ تک بند رکھا جائیگا تاکہ کورونا وائرس کی رفتار پر قابو کیا جاسکے ۔ ایپل کے سی ای او ٹم کک نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی کو چین میں کئے گئے اقدامات سے کچھ سیکھنے کو ملا ہے جہاں اس کمپنی نے اپنے ریٹیل اسٹورس کو دوبارہ کھول دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس کے خطرہ کو منتقل ہونے سے روکنے کا سب سے موثر ذریعہ یہی ہے کہ عوام کے اجتماع کو کم سے کم کیا جائے اور سماجی فاصلوں کو زیادہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک میں چونکہ متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس لئے ہم نے اپنے ٹیم ارکان اور صارفین کو بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے ۔