چین کے ساتھ معاہدہ کے افشا ہونے والی تفصیلات درست نہیں: ایران

   

تہران: ایران نے کہا ہے کہ اس کی چین کے ساتھ معاشی شراکت داری کے 25 سالہ معاہدہ پر مشاورت جاری ہے اور رواں ماہ منظرِ عام پر آنے والی معاہدہ کی مبینہ تفصیلات محض قیاس آرائیاں ہیں۔پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے رواں ہفتے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران معاہدے کی ذرائع ابلاغ میں آنے والی تفصیلات کی تردید کرتے ہوئے اسے مغربی ملکوں کا پروپیگنڈا قرار دیا۔’اسلام آباد پالیسی انسٹی ٹیوٹ’ کے زیرِ اہتمام چہارشنبہ کو ایک آن لائن فورم میں ایران کے سفیر کا تحریری بیان پڑھ کر سنایا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ چین اور ایران کے درمیان تاحال معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی اور اس بارے میں منظرِ عام پر آنے والی خبریں محض افواہیں اور سیاسی مقاصد کے حصول کی کوشش ہے۔البتہ محمد علی حسینی نے تصدیق کی کہ ایران اور چین مجوزہ معاہدہ پر مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔