چین کے شہر ووہان میں لاک ڈاؤن ختم ، معمولاتِ زندگی بحال

,

   

اشیائے ضروریہ کی خریدی کیلئے شاپنگ مالس پر ہجوم ، شہر سے باہر سفر کی مشروط اجازت ، شہریوں پر پابندیاں برقرار

ووہان(چین)۔8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چین کے شہر ووہان میں آج تقریباً ڈھائی ماہ کے عرصہ کے بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا، تاہم شہریوں پر کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشات کے پیش نظر کچھ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ووہان ، چین کا وہ شہر ہے جہاں سے مہلک کورونا وائرس کی وباء دنیا بھر میں پھیلی ہے۔ چین نے اس وباء کے پھیلنے کے آغاز کے بعد 11 ملین آبادی والے اپنے وسطی شہر کو 23 جنوری کو بند کردیا تھا۔ کورونا وائرس کی مہلک وباء سے ووہان شہر میں 50,000 سے زیادہ افراد متاثر ہوئے تھے جن کے منجملہ 2,500 لوگ اس وباء سے موت کا شکار ہوگئے تھے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین میں ہوئی جملہ اموات کا تقریباً 80% ووہان میں ہے۔ ووہان سے پھیلی یہ وباء دنیا کے بیشتر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے جہاں تقریباً 80,000 افراد فوت ہوچکے ہیں جبکہ 14 لاکھ افراد متاثر ہیں۔ اس وباء سے بچاؤ کیلئے دنیا کے کئی ممالک میں لاک ڈاؤن ہے جس کی وجہ سے عالمی معیشت پر بھی اس کے برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ اس وباء پر قابو پانے میں چین نے کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ حالات میں بہتری کے بعد ووہان شہر میں آج لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا جس پر شہریوں نے اطمینان کی سانس لی۔ تیانہے ایرپورٹ پر ایک خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے ماں باپ سے ملاقات کیلئے جارہی ہے کیونکہ آج ہی ایرپورٹس کو دوبارہ کھولا گیا ہے۔ ایرپورٹ پر بیشتر مسافرین نے حفاظتی سوٹ پہن رکھا تھا اور ان کے چہروں پر ماسک لگے تھے۔ شہریوں سے کہا گیا کہ انتہائی ضروری حالات میں ہی وہ پڑوسی صوبہ ہوبئی کا سفر کریں۔ شہر کے بڑے شاپنگ مالس بھی کھول دیئے گئے ہیں جہاں خریداری کیلئے عوام کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ گزشتہ 21 دنوں کے دوران صرف 3 نئے مصدقہ کورونا وائرس کے کیسیس سامنے آئے ہیں۔ اگرچہ ووہان کے حالات بحال ہوگئے ہیں لیکن روس کی سرحد سے آنے والے افراد جو صوبہ ہوبئی سے ووہان میں داخل ہورہے ہیں ، ان میں کورونا وائرس کی علامتیں پائی جارہی ہیں۔ مقامی ٹی وی نے شہریوں پر پابندیوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت عوام کو زیادہ سے زیادہ گھر پر ہی رہنے کی ہدایت دی جارہی ہے جبکہ ہر خاندان سے صرف ایک شخص تین دن میں ایک مرتبہ ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے گھر سے باہر آسکتا ہے اور اسی دن گھر واپس ہونے کی بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ووہان میں لاک ڈاؤن ختم ہونے پر ملک بھر میں خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ چینی اخبار ’’پیپلز ڈیلی‘‘کے مطابق لوگوں کو جس دن کا انتظار تھا وہ آگیا ہے تاہم یہ آخری کامیابی نہیں ہے’۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘ہمیں اب بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ووہان کھلا ہوا ہے جس پر ہم خوش ہوسکتے ہیں لیکن ہمیں آرام نہیں کرنا چاہیے’۔ووہان سے پابندیوں کے خاتمے کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور سیکیورٹی پر مامور افراد مخصوص لباس میں ہینکو ریلوے اسٹیشن کے باہر گشت کرتے نظر آئے اور گارڈز نے داخلی اور خارجی راستوں میں لوگوں کو ہدایت دی۔ووہان سے دیگر شہروں کے ٹکٹ کیلئے الیکٹرونک بل بورڈ پر اشتہار دیئے گئے تھے جس میں پہلی ریل بیجنگ کے لیے صبح 6 بج کر 25 منٹ پر روانہ ہوگی۔ ووہان سے بیجنگ آنے والے افراد کو کورونا وائرس کے دو ٹسٹ کروانا لازمی ہوگا۔ حکومت کی جانب سے وائرس کے دوبارہ پھیلنے کے اندیشے کے پیش نظر سخت اسکریننگ پروٹوکول پر عمل کیا جارہا ہے۔ ووہان میں آج کورونا وائرس کا کوئی مثبت کیس سامنے نہیں آیا ہے۔