واشنگٹن۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی کے ایک سابق افسر نے چین کیلئے جاسوسی کی کوشش کا اعتراف کیا ہے۔ امریکی افسر رون ہینسن پر الزام ہے کہ اس نے امریکی خفیہ عسکری معلومات چین تک پہنچانے کی کوشش کی اور چینی حکومت کے واسطے کام کرنے کے بدلے ’’لاکھوں ڈالر‘‘ حاصل کیے۔ وزارت انصاف نے بتایا کہ چینی انٹیلی جنس نے ہینسن کو 2014 میں بھرتی کیا۔امریکی ایف بی آئی نے گزشتہ برس جون میں ہینسن کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ چین جانے والے طیارے میں سوار ہونے کیلئے واشنگٹن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے راستے میں تھا۔ہینسن کو 15 برس تک کی جیل کی سزا کا سامنا ہے اور اس کے خلاف عدالتی فیصلہ 24 ستمبر کو جاری ہو گا۔
