چین کے ووہان شہرمیں فساد پھوٹ پڑا

,

   

لاک ڈاؤن تحدیدات کی برخواستگی کے باوجود شہر چھوڑنے کی اجازت نہیں

ووہان ۔ /28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین کا ووہان شہر کورونا وائرس کی وباء کا مرکز سمجھا جاتا ہے جہاں دو ماہ کے طویل وقفہ کے بعد لاک ڈاؤن تحدیدات کو برخواست کیا گیا لیکن شہریوں سے کہا گیا کہ وہ چین کے کسی دوسرے مقام پر نہیں جاسکتے ۔ انہیں شہر سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے ۔ اس پر برہم عوام کا پولیس کے ساتھ تصادم ہوگیا ۔ ریڈیو فری ایشیاء کے مطابق فساد اُس وقت پھوٹ پڑا جب حکام نے عوام کو ہوئبی سے جینگژی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ۔ برہم عوام نے جانے کی زد کی اور اس دوران پولیس کے ساتھ ان کا تصادم ہوگیا ۔ ڈسمبر کے اواخر میں ووہان میں کورونا وائرس کی وباء پھٹ پڑی تھی جو اب تقریباً 200 ممالک تک پھیل چکی ہے جس سے 6 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 27 ہزار سے زیادہ لوگ فوت ہوچکے ہیں ۔ چین میں مرنے والوں کی تعداد 3295 اور متاثرین کی تعداد 80 ہزار سے زائد بتائی گئی ہے ۔