چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ میں عوامی خدمات کا ریکارڈ

,

   

وشویشور ریڈی کی غیر معمولی مقبولیت، بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے عوام کا عہد
حیدرآباد ۔ 20۔ مارچ (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار کونڈا وشویشور ریڈی نے حلقہ کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں وشویشور ریڈی نے تلنگانہ کے دیگر حلقوں کے بہ نسبت چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ میں عوامی مسائل کی یکسوئی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وشویشور ریڈی اگرچہ صنعتی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن بنیادی طور پر وہ عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین تصور کرتے ہیں۔ عام آدمی بالخصوص غریبوں کے مسائل سے دلچسپی نے انہیں ہر طبقہ میں مقبولیت دلائی ہے۔ کانگریس کی جانب سے وشویشور ریڈی کی امیدواری کے اعلان کے فوری بعد انہوں نے حلقہ کے تحت آنے والے اسمبلی حلقوں میں مہم کا آغاز کردیا ۔ بے داغ کردار کے حامل وشویشور ریڈی کی کامیابی کے بارے میں رائے دہندے پرامید ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ گزشتہ انتخابات سے زیادہ اکثریت کے ساتھ وشویشور ریڈی کو کامیابی حاصل ہوگی۔ چیوڑلہ میں مختلف پراجکٹس کے قیام میں وشویشور ریڈی نے اہم رول ادا کیا۔ حلقہ پارلیمان چیوڑلہ میں جغرافیائی اہمیت کے لحاظ سے بورویلس کی تنصیب عمل میں آئی ۔ اس کے علاوہ کھلے بورویلس کی تعداد کے بارے میں تفصیلات جمع کرتے ہوئے ان بورویلس کو بند کرنے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ پارلیمنٹ میں بھی کونڈا وشویشور ریڈی نے عوامی مسائل اٹھانے مودی حکومت کو جھنجھوڑنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی اور 90 سے زائد مرتبہ انہوں نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کیا ۔

ساری ریاست تلنگانہ کے وہ واحد رکن پارلیمنٹ رہے جن کی پارلیمنٹ میں حاضری 95 فیصد رہی ۔ انہوں نے 68 مباحثوں میں حصہ لیا ۔ 230 سوالات اٹھائے اور تین خانگی بلز پیش کئے ۔ انہوں نے ایک کمیونٹی جہدکار کی حیثیت سے متعدد ہیلتھ کیمپس کا اہتمام کیا جس سے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو فائدہ حاصل ہوا ۔ نوجوانوں کو روزگار و ملازمتوں کے قابل بنانے اور ہنر مند بنانے کی خاطر تعمیر مہارت پروگرامس و تربیتی اجلاس منعقد کئے جس سے 6000 نوجوانوں کو فائدہ ہوا ۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کی ترقی کے لیے ایک بلیو پرنٹ بھی تیار کیا اور خاص کر اپنے حلقہ پارلیمان چیوڑلہ میں عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ایک انجینئر کی حیثیت سے 6 پٹینٹ ان کے نام ہیں اور وہ نگہداشت صحت کے تین سافٹ ویر کے کاپی رائٹس کے بھی حامل ہیں ۔ انہیں ہمیشہ نوجوانوں کے مستقبل اور جاب مارکٹ میں ان نوجوانوں کی بھرتیوں کی فکر لاحق رہتی ہے ۔ بنیادی سہولتوں ، روڈس ، بلڈنگس ، امکنہ ، حفظان صحت ، پینے کا پانی ، بجلی ، نگہداشت صحت ، پارکس اور عوامی مقامات کا فروغ ان کی ترجیحات میں شامل رہا ۔ مسجدوں ، درگاہوں ، مدارس کا وہ وقفہ وقفہ سے دورہ کرتے ہوئے مسلم مسائل کی یکسوئی کرنے میں بھی مسٹر کونڈا ویشویشور ریڈی نے کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔