ڈاکٹرس کی آن لائین خدمات سے خاطر خواہ استفادہ

   

سوشیل میڈیا پر ویڈیو پیش کرنے والے ڈاکٹرس سے عوام کو فائدہ
حیدرآباد۔14جولائی (سیاست نیوز) کورونا مریضوں کے علاج کیلئے بیشتر ڈاکٹرس کی جانب سے وہی ادویات تجویز کی جارہی ہیں اور کئی ڈاکٹرس جن کی فیس دینا عام شہری کے بس کی بات نہیں تھی وہ ویڈیو کال پر مریضوں کا مفت علاج کرکے ادویات کے ساتھ غذاء تجویز کررہے ہیں۔ شہر کے کئی ڈاکٹرس جن کی ویڈیو اور ان کے تجویز کردہ ادویات سوشل میڈیا پر گشت کر رہے ہیں وہ نہ صرف شہر بلکہ ریاست و ملک کے شہریوں کے علاوہ بیرون ملک شہریوں کیلئے بھی کارآمد ثابت ہورہی ہیں اور وہ بھی ان سے رابطہ کرکے اپنی کیفیت اور رپورٹس کی بنیاد پر ادویات حاصل کرنے لگے ہیں۔ ڈاکٹرس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو اور اپنے نمبرات کے علاوہ ادویات کی تجویز نے ڈاکٹرس میں موجود انسانیت کو آشکار کیا ہے اور یہ واضح کردیا ہے کہ ڈاکٹرس اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے سے پیچھے نہیں ہٹ رہے ہیں لیکن کارپوریٹ دواخانوں کے انتظامیہ کی لوٹ کھسوٹ سے کوئی انکار نہیں کرسکتا مگر ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اگر کچھ کرتا ہے تو ڈاکٹر کو ذمہ دار قرار دیا جانا درست نہیں ہے سوشل میڈیا پر جن ڈاکٹرس کی ویڈیو وائرل ہورہی ہیں ان میں کارپوریٹ دواخانوں میں برسر خدمت ڈاکٹرس شامل ہیں اور شہر کے محلہ کے ڈاکٹرس بھی بغیر علاج اور تشخیص کو یقینی بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔