دستور بچاؤ دیش بچاؤ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے امبیڈکر جینتی تقریب
ظہیرآباد /15 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دستور بچاؤ دیش بچاؤ جوائنٹ ایکشن کمیٹی ظہیرآباد کی جانب سے آج یہاں معمار دستور ہند ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی 129 ویں یوم پیدائش منائی گئی ۔ اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر وائی پروتم کی قیادت میں کمیٹی کے دیگر معاون کنوینرس محمد یوسف ، ایل جناردھن ، محمد ایوب احمد ، محمد عبدالقدیر ، محمد اکبر ، رام داس اور جئے پال نے امبیڈکر چوک پہونچ کر گلہائے عقیدت پیش کیا ۔ بعد ازاں اپنے ایک صحافتی بیان میں وائی نروتم نے ڈاکٹر امبیڈکر کی ملک کے تئیں کی گئی عظیم خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کے دستور میں دئے گئے بنیادی حقوق کی بدولت ہی عوام ان کے ساتھ ہونے والے انصافیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرسکتے ہیں لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت ان بنیادی حقوق کو سلب کرنے کوشاں ہے ۔ انہوں نے دو ٹوک کہا کہ کوئی بھی حکومت دستور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کامیاب بنہیں ہوسکتی ۔ ملک کی اقلیتوں دلتوں اور آدی واسیوں کے ساتھ کئے جارہے امتیازی سلوک دستور کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ سارا ملک کورونا وائرس کی مہلک بیماری کی لپیٹ میں ہے ۔ امتیازی سلوک کو جاری رکھنا انسانیت کو شرمسار کرنا ہے ۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وارئس سے محفوظ رہنے کیلئے اختیار کی جارہی تدابیر میں سے ایک تدبیر سماجی دوری کی برقراری ہے لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ اس سماجی دوری کو سماجی بائیکاٹ کا نام دے کر اقلیتوں ، دلتوں اور آدی واسیوں کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے سماجی بائیکاٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے اور عوام کو گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دینے پر زور دیا اور کہا کہ احتیاط ہی علاج ہے بہتر ہے ۔