ڈاکٹر تمل سائی سوندرا راجن کی بحیثیت گورنر تلنگانہ اتوار کو حلف برداری

,

   

Ferty9 Clinic

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس آر ایس چوہان ریاست کی پہلی خاتون گورنر کوحلف دلائیں گے

حیدرآباد۔4ستمبر ( سیاست نیوز؍ این ایس ایس) شریمتی تمل سائی سوندرا راجن تلنگانہ کی گورنر کی حیثیت سے 8 ستمبر اتوار کو 11 بجے دن راج بھون میں حلف لیں گی۔تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس آر ایس چوہان انہیں عہدہ اور راز داری کا حلف دلائیں گے۔ نئی دہلی میں متعینہ تلنگانہ کے ریسیڈنٹ کمشنر ویدانتم گیری نے منگل کی شام چینائی پہنچ کر ڈاکٹر تملا سائی سوندرا راجن کو تقرر کے حکمنامہ کی نقل حوالے کی۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ان کے کابینی رفقاء ، قانون ساز کونسل اور اسمبلی کے ارکان، ارکان پارلیمنٹ اور اعلیٰ عہدیداران کے علاوہ دیگر ممتاز شخصیات حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گی۔ سوندراراجن، سبکدوش گورنر ای ایس ایل نرسمہن کی جانشین ہوں گی اور اتفاق سے ان دونوں کا تعلق تاملناڈو سے ہے۔ تمل سائی سوندرا راجن تلنگانہ کی پہلی خاتون گورنر ہوں گی ۔بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر سوندراراجن جنوبی ہند کی ریاست تمل ناڈو میں ’’اکا‘‘ کے نام سے جانی جاتی تھی اور اب وہ جنوبی ہند کی ہی تلگو ریاست تلنگانہ میں ’’ چلماں‘‘ ہوں گی۔انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ انہیں گورنر نامزد کئے جانے کے فیصلہ سے حیرت زدہ ہوچکی تھیں کیونکہ انہیں اس سلسلہ میں نہ کسی نے بتایاتھا اور نہ ہی ان سے مشاورت کی گئی تھی اور نہ ہی کبھی ان کا نام اس اہم عہدہ کے لئے سامنے آیا تھا لیکن جب انہیں صدرجمہوریہ کی جانب سے اس بات کی اطلاع دی گئی کہ انہیں ریاست تلنگانہ کا گورنر نامزد کیا گیا ہے تو وہ خوشی اور حیرت کے ملے جلے جذبات کے ساتھ اس فیصلہ پر حکومت اور صدر جمہوریہ سے اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تلگو ریاست میں خدمات انجام دینے کیلئے وہ جلد ہی تلگو سیکھنے کی کوشش کریں گی اور انہیں یقین ہے کہ وہ اس کوشش میں جلد کامیاب ہوجائیں گی۔ڈاکٹر سوندرا راجن نے بتایا کہ وہ فی الحال ریاست تلنگانہ کے متعلق مطالعہ کر رہی ہیں اور یہاں کے جغرافیائی اور سیاسی امور کو جاننے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ بحیثیت گورنر خدمات کی انجام دہی کے دوران انہیں کسی قسم کی کوئی مشکل نہ ہو اور وہ بہ آسانی خدمات انجام دے سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ دستور کے دائرہ میں اپنی خدمات بلا کسی خوف وخطر کے علاوہ بغیر کسی تائید کے انجام دینے کی بھر پور کوشش کریں گی۔انہو ںنے کہا کہ وہ توقع کرتی ہیں کہ تلنگانہ عوام انہیں اپنی بہن کی طرح خیر مقدم کریں گے۔