نئی دہلی: 8 اکٹوبر (ایجنسیز) ملیشیا نے ہندوستان کو ذاکر نائیک کی حوالگی کے معاملے میں پورا بھروسہ دلایا ہے۔ ملیشیاء کے ہندوستان میں ہائی کمشنر داتو مظفر شاہ مصطفیٰ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حوالگی کے معاہدے کے تحت ملیشیا مکمل تعاون کرے گا، لیکن یہ سب قانونی اور عدالتی عمل کے مطابق ہی ہوگا۔ ہائی کمشنر کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب اس مہینے کے آخر میں کوالالمپور میں آسیان سمٹ ہونے والا ہے، جہاں ہندوستان اور ملیشیا کے رہنما کئی امور پر بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک پر منی لانڈرنگ، نفرت پھیلانے اور نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف مائل کرنے کے سنگین الزامات ہیں۔ 2016 میں ہندوستان چھوڑنے کے بعد وہ ملیشیا پہنچے جہاں انہیں مستقل رہائش مل گئی۔ ہندوستان نے 2018 سے ان کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے، لیکن ملیشیا کی عدالت میں کیس زیر التوا ہے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس ہندوستان کے ساتھ دو طرفہ حوالگی کا معاہدہ ہے، عمل درآمد ضروری ہے، اور ذاکر نائیک کا کیس ملیشیا کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور فیصلہ عدالتی غور و خوض کے بعد ہوگا۔