ڈاکٹر زرینہ پروین ڈائرکٹر اسٹیٹ آرکائیوز اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ مقرر

   

حیدرآباد۔18 جولائی (سیاست نیوز) حکومت نے ڈاکٹر زرینہ پروین ڈائرکٹر (ریٹائرڈ) اسٹیٹ آرکائیوز اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ تارناکہ کو کنٹراکٹ کی بنیاد پر دو سال کی مدت کے لیے ڈائرکٹر کے عہدے پر مقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اعلی تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج جی او آر ٹی 130 جاری کیا۔ ڈاکٹر زرینہ پروین کو 2015ء سے وقفہ وقفہ سے کنٹراکٹ کی بنیاد پر ڈائرکٹر مقرر کیا جارہا ہے۔ 13 اگست 2019ء کو ان کی ایک سالہ میعاد ختم ہورہی تھی۔ ڈائرکٹر جنرل اسٹیٹ آرکائیوز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے حکومت سے خواہش کی کہ ڈاکٹر زرینہ پروین کو مزید دو سال کی توسیع دی جائے۔ حکومت نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے دو سال کی مدت کے لیے کنٹراکٹ کی بنیاد پر انہیں دوبارہ ڈائرکٹر مقرر کیا ہے۔ وہ 13 اگست 2021ء تک اس عہدے پر برقرار رہیں گی۔ انہیں ماہانہ 50 ہزار روپئے یا پنشن منہا کرتے ہوئے آخری تنخواہ ان میں سے جو بھی کم ہو ادا کی جائے گی۔ سرکاری استعمال کے لیے گاڑی اور گھر پر فون فراہم کیا جائے گا۔ کنٹراکٹ کی بنیاد پر کیا گیا تقرر ایک ماہ کی نوٹس کے ذریعہ کسی بھی وقت ختم کیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں انہیں معاہدے پر دستخط کرنے ہوں گے۔