صبح 10 بجے اجلاس کا آغاز ، سکریٹری اسمبلی کے احکامات ، ارکان اسمبلی کو اطلاع
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 30 دسمبر پیر کو اسمبلی کا صبح 10 بجے سے خصوصی اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ سکریٹری اسمبلی نرسمہا چاریلو نے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام ارکان اسمبلی کو اس کی اطلاع دی ہے ۔ تلنگانہ اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے اختتام کے چند دن بعد ہی صرف اور صرف سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی طور پر ایک دن کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے علاوہ کانگریس پارٹی نے سارے ملک میں 7 دنوں کے سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ اسی کے ایک حصہ کے طور پر تلنگانہ قانون ساز کونسل میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج پیش کیا جائے گا ۔ کانگریس کے سینئیر قائد سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا 92 سال کی عمر میں جمعرات 26 دسمبر کو انتقال ہوگیا ۔ انہیں سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر ایمس ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا تھا اور علاج کے دوران انہوں نے آخری سانس لی ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے منموہن سنگھ کی ملک کے لیے خدمات کے پیش نظر ایک ہفتہ تک سوگ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملک کی سیاست میں کئی دہوں تک اہم رول ادا کرنے والے منموہن سنگھ دو مرتبہ وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کے دور حکومت 1991 تا 1996 تک انہوں نے مرکزی وزیر فینانس کی حیثیت سے خدمات انجام دی اور کئی اصلاحات لائے ۔ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے انہوں نے جو خدمات انجام دی ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ پانچ مرتبہ راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے 1987 میں انہیں ملک کا باوقار پدم وبھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ تلنگانہ اسمبلی پیر کو ایک روزہ خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں بھر پور خراج عقیدت پیش کرے گی جو ملک میں غیر متنازعہ شخصیت کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں ۔۔ 2