ڈاکٹر ناصر علی خاں کی قزاقستان کی عالمی کانفرنس میں شرکت

   

حیدرآباد سے راست فلائٹ کے آغاز پر حکام سے بات چیت
حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ و آندھراپردیش کے لئے قزاقستان کے اعزازی کونسل ڈاکٹر نواب میر ناصر علی خاں نے قزاقستان کے شہر آستانہ میں انٹرنیشنل فورم 2025ء کے اجلاس میں شرکت کی۔ قزاقستان کے ڈپٹی پرائم منسٹر ہزاکسلینسی سیرک زومنگرین نے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ قزاقستان کے صدر ہزاکسلینسی قاسم جمرات تکایوف نے افتتاح کیا۔ کانفرنس میں 50 ممالک کے 5 ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی جن میں 80 سربراہان، وزراء اور چیف ایکزیکٹیو آفیسرس شامل ہیں۔ کانفرنس میں سلامتی، معاشی ترقی، ماحولیاتی تحفظ جیسے اُمور پر مندوبین نے اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر میر ناصر علی خاں نے صدرنشین آستانہ انٹرنیشنل ایرپورٹ یوسف الجودیر سے ملاقات کی اور انٹرنیشنل ایرپورٹ کی توسیع کے منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا۔ حیدرآباد اور قزاقستان کے درمیان راست فلائٹس کے آغاز پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبہ جات میں باہمی اشتراک سے اتفاق کیا۔ آستانہ انٹرنیشنل ایرپورٹ نے متحدہ عرب امارات کی ٹرمینل ہولڈنگ کمپنی سے 25 سال کا آپریشنل اگریمنٹ کیا ہے جو 1.1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعہ ایرپورٹ کو عصری بنانے کا کام کرے گی۔ جی ایم آر ایرپورٹ نے حیدرآباد سے قزاقستان کو راست فلائٹ کے آغاز میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ڈاکٹر ناصر علی خاں نے قزاقستان کی قیادت اور اُن کے عالمی نظریہ کی ستائش کی اور اُمید ظاہر کی کہ ہندوستان اور قزاقستان میں مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک میں اضافہ ہوگا۔1