ڈاکٹر وندنا قتل کیس: چیف منسٹر وجین کو کیرالا ہائی کورٹ کی نوٹس

   

ترواننتا پورم: کیرالا کی ایک خاتون ڈاکٹر کے قتل معاملے میں کیرالا ہائی کورٹ نے آج ریاست کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کو نوٹس جاری کیا ہے۔ دراصل خاتون ڈاکٹر کے قتل کے بعد اس کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے والی عرضی پر 22 مئی کو کیرالا ہائی کورٹ سماعت کر رہی تھی۔ اس میں اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کا معاوضہ فراہم کرنے کے لیے ریاستی حکومت کو ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔دراصل کوٹایم ضلع کے کڈوتھروتھی علاقے کی باشندہ اور اپنے والدین کی اکلوتی بیٹی ڈاکٹر وندنا داس کا کولم ضلع کے ایک اسپتال میں علاج کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کے لیے معاوضہ کی عرضی ہائی کورٹ میں داخل کی گئی تھی جس پر سماعت کے دران عدالت نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی عرضی کو قتل کے بعد شروع کیے گئے از خود نوٹس معاملے کے ساتھ ٹیگ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ اسپتال میں علاج کیلئے لائے گئے ایک شخص نے مرہم پٹی کرتے وقت قینچی اور بلیڈ سے حملہ کر کے ڈاکٹر وندنا داس کا قتل کر دیا تھا۔