ڈبلیو ایچ او نے بھی کورونا ہوا کے ذریعہ پھیلنے کی توثیق کی

   

جنیوا ۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پہلی بار ہوا کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکان کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد ہی ایک ترمیم شدہ سائنسی سمری جاری کرے گا۔جب منگل کے روز باقاعدہ پریس کانفرنس میں نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی کسی خبر کے بارے میں پوچھا گیا تو ، ڈبلیو ایچ او کے ماہر بینیڈیٹا الیگرانجی نے کہا ، “ہم قبول کرتے ہیں کہ ، کورونا وائرس اور وبائی امراض سے وابستہ دیگر شعبوں کی طرح ، اس سلسلے میں بھی نئے شواہد سامنے آرہے ہیں۔‘‘ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں اس شواہد ہر کھلے ذہن سے غور کرنا چاہئے اور وائرس کے انفیکشن کے طورطریقوں کے ضمن میں درکار احتیاطی تدابیر کے معاملے میں اس کے اثرات کو سمجھنا چاہئے ۔‘‘نیویارک ٹائمز نے 239 سائنسدانوں کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ 19 کا وائرس ہوا کے ذریعے پھیل رہا ہے ۔ ایسی رپورٹ پہلی بار اپریل میں شائع ہوئی تھی ، لیکن ڈبلیو ایچ او نے اب تک اس نظریہ کو قبول کرنے سے گریز کیا ہے ۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن میں کوویڈ 19 کی ماہر ڈاکٹر ماریہ وان کیرخوف نے کہا ، ‘‘ہم ہوا کے راستے اور منہ اور ناک سے نکلنے والے بے حد چھوٹی پانی کی بوندوں سے وائرس کے پھیلنے کے امکان کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ ہم موجودہ شواہد کی بنیاد پر سائنسی سمری تیار کررہے ہیں۔ ہم کئی ہفتوں سے اس پر کام کر رہے ہیں‘‘۔