جنیوا ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او)نے چین سمیت دنیا بھر کے دیگر ملکوں میں پھیلے کورونا وائرس کو عالمی صحت کے لئے ایمرجنسی قرار دیا ہے ۔جمعرات کو اس سلسلے میں ڈبلیو ایچ او کی ہنگامی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔کمیٹی نے کہا ، ‘‘کمیٹی کا خیال ہے کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنا اب بھی ممکن ہے بشرطیکہ اس بیماری کا آسانی سے پتہ لگانے کے لئے سخت اقدامات کیے جائیں۔’’ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ، ‘‘ہم نہیں جانتے کہ کمزور صحت کے نظام والے ملک میں اس وائرس سے کیا نقصان ہوسکتا ہے ۔ہمیں اس امکان کے لئے ملکوں کو تیار کرنے میں مدد کرنے کے لئے ابھی سے کام شروع کرنا چاہئے ۔ ان تمام وجوہات کی بناء پر میں کورونا وائرس کی عالمی وباء پر عالمی سطح پر تشویش کے پیش نظر پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر رہا ہوں۔’’قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر کے 22 ممالک میں کورونا وائرس کے 7836 معاملوں کی تصدیق ہوچکی ہے ، جن میں سے 7711 معاملے صرف چین میں درج ہوئے ہیں۔ ہندوستان کے کیرالا میں بھی کورونا وائرس کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔