ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کے نام دھوکہ دینے والا دھوکہ باز گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 15 فبروری (سیاست نیوز) سرکاری پٹہ جات اور ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کے نام پر عوام سے لاکھوں روپئے ہڑپنے والے ایک دھوکہ باز کو سی سی ایس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈی ڈی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 44 سالہ خواجہ غیاث الدین ساکن علی باغ جہاں نما کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کیس میں سی سی ایس پولیس نے اصل سرغنہ مسعود احمد کو 12 فبروری کو گرفتار کرلیا تھا اور غیاث مفرور تھا۔ مامی پلی سرورنگر منڈل میں امکنہ جات کیلئے سرکاری پٹہ جات دلانے اور ڈبل بیڈروم مکانات جو لکشمی گوڑہ میں زیرتعمیر ہیں۔ مکانات کی فراہمی کے نام پر ان افراد نے 120 افراد کو دھوکہ دیکر ان سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپئے وصول کئے اور جعلی پٹہ جات اور الاٹمنٹ لیٹر تحصیلدار بالاپور کی فرضی دستخط سے درخواست جاری کئے۔ سی سی ایس پولیس نے تحقیقات کے بعد ان دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔