حیدرآباد۔15 ۔جولائی (سیاست نیوز) ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر لاکھوں روپئے لوٹنے والی دو خواتین کو سائبر آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور علحدہ واقعات میں تبسم اور سپریہ کوپولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جگت گیری گٹہ پولیس نے تبسم اور صنعت نگر پولیس نے سپریہ کو گرفتار کرلیا اور ان کی مبینہ دھوکہ دیہی کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ صنعت نگر پولیس نے 4 خواتین کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے بورا بنڈہ سائیٹ تھری کی ساکن سپریہ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس سمجھتی ہے کہ ان دونوں نے تقریباً 950 افراد کو اپنی دھوکہ دیہی کا نشانہ بنایا ہے۔ ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی ، راشن کارڈس اور آروگیہ شری کارڈز کے علاوہ وظیفہ دلانے کا جھانسہ دیکر متاثرین سے رقم وصول کی گئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کا جھانسہ دے کر غریب اور بے گھر خواتین سے رقم وصول کی گئی۔ تین ماہ کے طویل انتظار کے بعد جب خواتین نے سپریہ پر دباؤ ڈالا تو اس نے خواتین کو یقین دلانے کیلئے پھر دھوکہ دیا اور خواتین کی برہمی کو کم کرنے اور یقین دلانے کیلئے اپنے شوہر کو سرکاری عہدیدار بتاکر خواتین سے میٹنگ کروائی ۔ اس کے بعد دوبارہ خواتین کو یقین دلانے کے لئے انہیں چابیاں بنائی اور برقی میٹر کے نمبرات بناکر مکانات کی فراہمی کا دوبارہ جھانسہ دیا ۔ جب ان متاثرین کو جگت گیری گٹہ میں تبسم کی گرفتاری کا پتہ چلا تو انہیں سپریہ پر دھوکہ دیہی کا شبہ ہوا اور صنعت نگر پولیس پہنچ کر 4 خواتین نے شکایت کردی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔
