ڈبل بیڈروم مکانات کی منظوری کے نام رقم بٹورنے والی ٹولی گرفتار

   

170 افراد سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپیوںکی وصولی، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 8 فبروری (سیاست نیوز) سرکاری اسکیم کی آڑ میں بے گھر افراد کو لوٹنے والی ایک ٹولی کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈبل بیڈروم مکانات کی منظوری کے نام پر غریب بے گھر شہریوں سے رقم حاصل کرنے والے 6 افراد بشمول ایک خاتون کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔ سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم اور دنڈیگل پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 43 سالہ وی وی ایس کے وی پرساد ساکن قطب اللہ پور، 72 سالہ اے ایم کے مورتی ساکن قطب اللہ پور، 45 سالہ پی سرینواس راؤ، 46 سالہ اے لکشمی، 37 سالہ این کرشنا راؤ اور 53 سالہ کے سرینواس ساکن نظام پیٹ کو گرفتار کرلیا۔ لکشمی جو پیشہ سے ٹفن سنٹر چلاتی ہے اس نے ایک فرضی الاٹمنٹ لیٹر دکھا کر عوام کو دھوکہ دینے کا کام کرتی تھی اور اس کے فرضی لیٹر پر یقین کرتے ہوئے عوام اس کے جھانسہ میں آتے تھے۔ بتایا جاتا ہیکہ بہادر پلی کے علاقہ میں زیرتعمیر ڈبل بیڈروم مکانات کے الاٹمنٹ کے نام پر یہ خاتون فی کس درخواست گذار سے دیڑھ لاکھ روپئے حاصل کررہی تھی۔ سائبرآباد پولیس کے مطابق اس 6 رکنی دھوکہ باز ٹولی نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ کا جھانسہ دیکر 170 افراد کو دھوکہ دیا اور ان سے 2 کروڑ 25 لاکھ 95 ہزار روپئے حاصل کئے۔ پولیس نے گرفتار افراد کو جیل منتقل کردیا۔