پہلی مرتبہ طاقت کا مظاہرہ، سینکڑوں کارکنوںکی شرکت، ایل رمنا ، چندر شیکھر ریڈی اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست (سیاست نیوز) ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کے وعدہ کی تکمیل میں ناکامی کے خلاف تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے آج دھرنا چوک اندرا پارک پر دھرنا منظم کیا گیا۔ صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی ایل رمنا کی قیادت میں منعقدہ اس دھرنا میں سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے حصہ لیا۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب تلگو دیشم نے تلنگانہ میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسمبلی لوک سبھا انتخابات میں ناکامی کے بعد تلنگانہ میں تلگو دیشم کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ چکا تھا ۔ پارٹی کے کئی قائدین نے ٹی آر ایس اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان حالات میں تلنگانہ میں پارٹی کے وجود کا احساس دلانے کے لئے قیادت نے عوامی مسائل پر جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین نے اپنے حامیوں کے ساتھ دھرنے میں حصہ لیا۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم کے واحد رکن اسمبلی ایم ناگیشور راؤ ، پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی ، ایم نرسی ریڈی ، سری سیلم ، محمد تاج الدین ، سائی بابا ، جی گرو مورتی ، بی نرسمہلو ، ایس بھوپال ریڈی اور کے دیاکر ریڈی کے علاوہ ضلع تلگو دیشم صدور اور ریاستی سطح کے سینئر قائدین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایل رمنا نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لئے مکانات کی تعمیر کی اسکیم این ٹی آر کے دور حکومت میں شروع کی گئی تھی۔ چندرا بابو نائیڈو نے این ٹی آر کی اسکیم کو جاری رکھا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 6 برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ حکومت کا ہر قدم عوام کے مفادات کے خلاف رہا ۔ غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ تلنگانہ ریاست جو اپنے قیام کے وقت دولتمند ریاست تھی ، آج مقروض ہوچکی ہے۔ تلنگانہ کا بجٹ دو لاکھ کروڑ روپئے کا ہے لیکن غریبوں کے مکانات کے لئے کوئی گنجائش نہیں۔ عوام کی بھلائی سے متعلق ایک بھی اسکیم مکمل نہیں کی گئی۔ کے سی آر تلنگانہ بھون تک محدود ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب کو ڈبل بیڈروم مکان ملنے تک تلگو دیشم پارٹی احتجاج جاری رکھے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو دیشم میں مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کی خودکشی کے واقعات کا جائزہ لیا۔ رکن پولیٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی نے مخالفین کو چیلنج کیا کہ وہ اندرا پارک پر دیکھیں کہ تلگو دیشم پارٹی کی طاقت کیا ہے۔ مخالفین یہ کہہ رہے تھے کہ تلگو دیشم پارٹی کا وجود ختم ہوچکا ہے لیکن آج پارٹی نے یہ ثابت کردیا کہ بنیادی سطح پر مستحکم ہے اور کیڈر پارٹی کے ساتھ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تلگو زبان اور تلگو عوام زندہ ہیں، اس وقت تک تلگو دیشم پارٹی باقی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دو لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا آغاز کیا گیا لیکن صرف 9000 مکمل ہوئے۔ ریاست میں غریبوں کو 22 لاکھ مکانات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے تلگو دیشم قائدین کو مختلف لالچ دے کر انحراف کے لئے اکسایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون اور چیف منسٹر کے فارم ہاؤز کے لئے کنٹراکٹر دستیاب ہیں لیکن غریبوں کے مکانات کیلئے حکومت کے پاس کنٹراکٹر موجود نہیں۔ مہمانوں کے لئے کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن غریبوں کیلئے لاکھوں روپئے بھی میسر نہیں۔ تلگو دیشم کے رکن اسمبلی ایم ناگیشور راؤ نے الزام عائد کیا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے کے سی آر دوسری مرتبہ برسر اقتدار آئے ہیں۔ ہر گاؤں کو ڈبل بیڈروم مکان دینے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر کو واضح کرنا چاہئے کہ آج تک کتنے مکان الاٹ کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت صرف چیف منسٹر اور ان کے ارکان خاندان کی بھلائی کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے ہر کسی کو مساعی کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر اسمبلی میں اپوزیشن کا صفایا کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے مجوزہ اجلاس میں غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کے مسئلہ پر وہ آواز اٹھائیں گے۔ ناگیشور راؤ نے واضح کیا کہ وہ اپنی آخری سانس تک تلگو دیشم میں برقرار رہیں گے اور پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔