گجویل میں تعمیر امکنہ کے عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت، جائزہ اجلاس سے خطاب
گجویل۔ حلقہ گجویل میں تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات کو متعلقہ عہدیدارجنگی خطوط پر عاجلانہ اقدامات کرتے ہوئے مکمل کرلیں۔ اس بات کی ہدایت کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ راما ریڈی نے مستقر گجویل کے مریوت دفتر کامپلکس میں گجویل ایریا ڈیولپمنٹ عہدیدار متیم ریڈی کے ہمراہ حلقہ اسمبلی گجویل میں تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانا کے تعمیری کاموں کے ایک جائزہ اجلاس سے مخاطب ہوکر دی۔ اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ حلقہ اسمبلی گجویل میں کل ملاکرچار ہزار نو سو ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا حکومت کا منصوبہ ہے جبکہ فی الحال دو ہزار نو سو ڈبل بیڈ روم مکانات حلقہ گجویل کے مختلف منڈلوں میں تعمیر کئے جاچکے ہیں ماباقی ڈبل بیڈروم مکانات کے تعمیری کام جاری ہیں۔ علاوہ ازیں فی الوقت نو سو ڈبل بیڈ روم مکانات مکمل ہوچکے ہیں اور ان مکانات کو مستحق بے گھر افراد میں تقسیم کرنے کے لئے مستحق بے گھر افراد کے خاندانوں کی نشاندہی کرنے کے لئے متعلقہ عہدیدار سرگرم ہوکر کام کررہے ہیں۔ وینکٹ رام ریڈی نے کہا کہ کم از کم نو سو مکانات کو افتتاح کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ اس جائزہ اجلاس میں محکمہ برقی ایس ای کروناکر، مشن بھگیرتا ای ای راجیا، ای ڈبلیو ی سی ڈی ای رام چندر کے علاوہ متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔