ڈرامہ مقابلہ میں ماونٹ مرسی اسکول کا شاندار مظاہرہ

   

قومی یکجہتی پر انٹر اسکول ڈرامہ مقابلہ ، مختلف اسکولس کی شرکت ، پروفیسر آمنہ کشور کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : ماونٹ مرسی اسکول ٹولی چوکی کے طلباء وطالبات نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا جب اس اسکول کی ٹیم کو انٹر اسکول ڈرامہ مقابلوں میں پہلا انعام کا مستحق قرار دیا گیا۔ اسکول کے ڈائرکٹر جناب سید عبدالمتکبر ارشد نے بتایا کہ تنظیم ’ اپنا وطن ۔ ہم سب ایک ہیں ‘ کے زیر اہتمام انٹر اسکول ڈرامہ کامپیٹیشن کا اہتمام کیا گیا ۔ تنظیم کی صدر پروفیسر آمنہ کشور نے قومی یکجہتی اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے اس مقابلہ کا اہتمام کیا تھا جس کے لیے 29 اسکولس نے اسکرپٹ داخل کیے تھے ۔ تاہم چھ اسکولوں کو فائنل مقابلہ کے لیے منتخب کیا گیا جن میں ماونٹ مرسی اسکول کے علاوہ حیدرآباد پبلک اسکول ، ماریکا ہائی اسکول ، صفدریہ اسکول ، ایم ایس اسکول شامل ہیں ۔ ماونٹ مرسی اسکول کے پلے ، ورلڈ وتھ آوٹ بارڈر ( دنیا ۔ سرحدوں کے بغیر ) ، کو بہترین اسکرپٹ اور ٹیم کے مظاہرہ کو بہترین مظاہرہ کا ایوارڈ عطا کیا گیا ۔ یہ مقابلے سپتاپنی اوپن تھیٹر روڈ نمبر 8 بنجارہ ہلز میں ہوئے تھے ۔ اسکول کی پرنسپل محترمہ امتہ الحئی کی نگرانی میں محترمہ حمیرا شریف اور محترمہ فہمیدہ فاروقی نے اس ڈرامہ کی تیاری کروائی ۔ ڈرامہ میں 18 طلباء وطالبات نے حصہ لیا ۔ ڈرامہ کا اسکرپٹ نویں جماعت کی طالبہ ام حبیب فاطمہ نے لکھا تھا ۔ ماونٹ مرسی اسکول بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ زائد تعلیمی سرگرمیوں اور بچوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے خصوصی کوششیں کرتا ہے ۔ جس کے بہترین نتائج برآمد ہوتے ہیں ۔ پروفیسر آمنہ کشور نے اس ٹروپ کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ ماونٹ مرسی نے بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اسکول کو دوسری زبانوں میں بھی بچوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ جناب سید عبدالمتکبر ارشد نے بتایا کہ اسکول کا ذریعہ تعلیم انگریزی ہے لیکن طلباء وطالبات کو ان کی مادری زبان اردو میں مہارت پیدا کرنے پر توجہ دی جاتی ہے ۔۔