ڈرل میکس سپا کمپنی کی تلنگانہ میں 1500 کروڑ کی سرمایہ کاری

   

مرکزی بجٹ میں تلنگانہ سے عدم تعاون پر جدوجہد کرنے کے ٹی آر کا عزم
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ عالمی معیار کے کمپنیوں کی تلنگانہ میں آمد چیف منسٹر کے سی آر کی بے مثال حکمرانی کا ثبوت ہے ۔ تلنگانہ کی دوستانہ صنعتی پالیسی سے متاثر ہو کر عالمی و قومی کمپنیاں اور کارپوریٹ سیکٹرس تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے میں اپنی دلچسپی دکھا رہے ہیں لیکن دونوں تلگو ریاستوں کی ترقی کے لیے مرکز سے کوئی تعاون حاصل نہیں ہورہا ہے اور نہ ہی تقسیم ریاست میں کئے گئے وعدے کے مطابق کئی صنعتی رعایتیں حاصل ہورہی ہیں ۔ آئیل ڈریلنگ اور رگ سیکٹر کی انٹرنیشنل سطح کے ادارے ڈرل میکس سپا نے حیدرآباد کو ہیڈ کوارٹر بناتے ہوئے اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اٹلی سے تعلق رکھنے والی ڈرل میکس سپا آئیل ڈرلنگ ، ریگنگ سیکٹر آلات کی تیاری میں دنیا کی بڑی کمپنیوں میں اس کا شمار ہوتا ہے ۔ آج حکومت تلنگانہ اور ڈرل میکس سپا ادارے کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ڈرل میکس سپا کمپنی نے 1500 کروڑ روپئے سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس انڈسٹری کی وجہ سے 2,500 افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ وزیر آئی ٹی و صنعت نے کہا کہ 80 فیصد مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کی کمپنیاں ملک کے دیگر ریاستوں کے بجائے حیدرآباد کا رخ کررہی ہیں ۔ یہ کے سی آر کی بہترین حکمرانی کا ثبوت ہے ۔ ریاست میں گذشتہ ساڑھے 7 سال سے بڑے پیمانے پر ترقی ہوئی ہے ۔ ریاست تلنگانہ ملک میں چوتھا سب سے بڑا اکنامی کنٹری بیوٹر (اقتصادی ) تعاون کرنے والی ریاست ہونے کے باوجود مرکز سے تلنگانہ کی ترقی کے لیے کوئی تعاون حاصل نہیں ہورہا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کل پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے ہیں ۔ اس کو پورا کرنے کا مرکز سے مطالبہ کیا ۔ تلنگانہ میں صنعتی ادارے قائم کرنے کے علاوہ صنعتوں کے قیام کے لیے مراعات و رعایتیں بھی دینے کا مطالبہ کیا ۔ وزیراعظم سب کا ساتھ سب کا وکاس کی باتیں کرتے ہیں مگر ریاستوں کو فنڈز جاری نہیں کرتے تیز رفتار ترقی کرنے والے ریاست تلنگانہ کو مرکز کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ حقوق اور مطالبات کی یکسوئی کے لیے مرکز کے خلاف جدوجہد کرنے کا کے ٹی آر نے اعلان کیا ۔۔ ن