حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) ملک کی سلامتی سے جڑے اہم مسئلہ میں تاریخی پیشرفت اختیار کرتے ہوئے ڈرون کو ناکام کرنے والی گاڑی تیار کرلی گئی ہے۔ ’اندرا جال رینجر‘ کے نام سے اس پٹرولنگ گاڑی کا حیدرآباد میں افتتاح کیا گیا۔ ہائی ٹیک سٹی کے رائے درگم ٹی ہب میں ایک پروگرام کے دوران اندرا جال رینجر کو پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں ڈیفنس اور ملٹری سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اس پٹرولنگ گاڑی کے فیچرس پر زبردست ستائش کی اور کہا کہ ملک کے سلامتی شعبہ میں یہ بہت بڑا کارنامہ ہے جو ڈرون کو ناکام کرسکتی ہے اور ڈرون کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے ناکام بناسکتی ہے۔ اس پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ دیویندر پرتاپ پانڈے نے شرکت کی اور کہا کہ مستقبل میں جنگی ہتھیاروں سے آمنے سامنے زیادہ نہیں رہیں گی بلکہ زیادہ تر ڈرون پر انحصار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے دشمن ملک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حالیہ جنگ کے دوران پاکستان نے کئی مرتبہ ڈرون سے حملہ کیا لیکن اپنے مضبوط سسٹم کے سبب انہیں ناکام بنا دیا گیا۔ اس نئی ایجاد اندرا جال رینجرس کے ذریعہ مشتبہ اور خفیہ ٹھکانوں کا پتہ چلاتے ہوئے انہیں تباہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے لئے بہت اہم ثابت ہوگا۔ اس موقع پر اندرا جال ڈیفنس انڈیا سی ای او کرن راجو نے بتایا کہ 26/11 حملہ کی یاد میں اس کا انتخاب کیا گیا تاکہ اس دن جان گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اینٹی ڈرون پروٹولگاڑی صرف ڈیفنس ڈرون کیلئے نہیں بلکہ ملک میں منشیات منتقل کرنے والے ڈرونس کو بھی تباہ کرسکتا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعہ 6 دنوں میں 70 ڈرونس کو تباہ کیا ہے۔ یہ گاڑی 10 کیلو میٹر کے احاطہ میں کام کرتی ہے۔ ع
