ڈرگس معاملہ کو مرکزی تحقیقاتی ادارہ سے رجوع کیا جائے، ہائیکورٹ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی درخواست

   

حیدرآباد: تلنگانہ میں ڈرگس سے متعلق کیس کی تحقیقات مرکزی تحقیقاتی ادارہ کے حوالے کرنے کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ۔ عدالت نے مفاد عامہ کی اس درخواست کو سماعت کیلئے قبول کیا۔ ریونت ریڈی کے وکیل رچنا ریڈی نے عدالت سے کہا کہ 2016 ء میں درج کئے گئے ڈرگس کیس کی تحقیقات سی بی آئی یا انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حوالے کی جائیں۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ایف آئی آر اور چارج شیٹ کی تفصیلات انگریزی میں پیش کرنے کیلئے محکمہ اکسائز سے خواہش کی ہے۔
عدالت نے حکومت سے سوال کیا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو تفصیلات فراہم کیوں نہیں کی گئیں۔ عدالت نے کہا کہ ڈرگس سے متعلق تفصیلات اور اس میں ملوث افراد کو بچانے کی کیا ضرورت ہے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں نارکوٹک کنٹرول بیورو کے اقدامات کے بارے میں تفصیلات طلب کی۔ اس معاملہ میں مرکز اور ریاستی حکومت کو اندرون چار ہفتے جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔