ڈرگ کنٹرولر جنرل کی منظوری کے بعد ہی بچوں کو ویکسین دی جائیگی

   

نئی دہلی : حکومت نے آج کہا کہ ڈرگ کنٹرولر جنرل سے منظوری ملنے کے بعد ہی بچوں کے لئے کوویڈ ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی۔ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے وزیر منسکھ مانڈاویا نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ایک جائزے میں دو سے 18 سال کے بچوں کو یہ ویکسین پلانے کیلئے موزوں پایا گیا ہے ۔ یہ رپورٹ ڈرگ کنٹرولر جنرل کو بھیجی گئی ہے اور اس کے ماہرین کی طرف سے جانچ اور منظوری کے بعد ہی بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں مانڈاویا نے بتایا کہ ہندوستان میں کوویڈ ویکسین کی پیداوار تیزی سے ہورہی ہے ۔ اکتوبر میں تقریبا 28 کروڑ ویکسین تیار ہونے کی توقع ہے جن میں سے تقریبا 22 کروڑ کوویڈ شیلڈ اور تقریبا 6کروڑ ویکسین ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں ویکسین کی پیداوار طلب سے زیادہ ہو جائے گی جس سے ویکسین بیرون ملک برآمد ہو سکے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک ملک میں تقریبا 73 فیصد یعنی تقریبا 96 کروڑ لوگوں کو پہلی خوراک دی گئی ہے اور تقریبا 30 فیصد لوگوں کو دونوں خوراکیں دی گئی ہیں۔ بہت جلد ہندوستان پہلی خوراک لینے والوں کے معاملے میں سو کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والا ہے ۔ یہ ملک کی ایک منفرد کامیابی ہوگی۔ جسے ملک ایک تہوار کے طور پر منائے گا۔