ڈسٹرکٹ جیل رنگاریڈی میں عصری طریقہ سے ترکاری مارکٹ کا آغاز

   

حیدرآباد۔/4ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ڈسٹرکٹ جیل سنگاریڈی میں ہائیڈرو فونک فارمنگ کے عصری طریقہ کار کے ذریعہ سبز ترکاریوں کی کاشت کا آغاز کیا گیا ہے اور اس عصری طریقہ کار کے ذریعہ ترکاریوں کی کی جانے والی کاشت کیلئے مٹی کی کوئی ضرورت درکار نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں زیادہ اراضی کی بھی کوئی ضرورت نہیں رہے گی اور ساتھ ہی ساتھ پانی کی زائد مقدار کا استعمال نہیں ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نئے عصری طریقہ کار کے ذریعہ جیل کے قیدیوں کو درکار سبز ترکاریوں کی کاشت کرکے ضرورت کی تکمیل کی جارہی ہے ۔ اس طرح سنگاریڈی ڈسٹرکٹ جیل میں نت نئے طریقوں کے ذریعہ مختلف نوعیت کے اقدامات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ جیل سنگاریڈی ریاست کے دیگرجیلوں کیلئے ایک مثال ثابت ہورہا ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹ سنگاریڈی مسٹر شیوا کمار گوڑ کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ہائیڈرو فونک فارمنگ کے عصری طریقہ کار کے ذریعہ کی جانے والی سبز ترکاریوں کی کاشت کیلئے مٹی کی ہرگز ضرورت درکار نہیں ہوگی جبکہ پودے کو ٹہرنے کیلئے مٹی سے بنے ہوئے پتھر ( یعنی ڈھیلے ) کنڈی میں رکھے جاتے ہیں اور پودوں کی موثر نشوونما کیلئے درکار اشیاء مائیکرو سولیوشنس وغیرہ فراہم کئے جاتے ہیں اور ہرروز ان پودوں ( سبز ترکاریوں کے پودوں ) کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔ مسٹر شیوا کمار گوڑ ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹ سنگاریڈی کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سنگاریڈی جیل میں سبز ترکاریوں کی عصری طریقہ کار کے ذریعہ کی جانے والی کاشت ریاست بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد واقعہ ہے۔ اب تک ریاست میں کہیں اس طرح کی کاشت نہیں کی گئی۔