ڈومینیکا ہائی کورٹ کا میہول چوکسی کو ضمانت دینے سے انکار

   

فرار ہونے کے خطرے کے باعث درخواست مسترد۔پیر کو پھر پیشی
نئی دہلی: ہندوستان میں مفرور قرار دیئے جا چکے ہیرا تاجر میہول چوکسی کو ڈومینیکا کی عدالت سے جمعہ کے روز اس وقت جھٹکا لگا جب ڈومینیکا کی ہائی کورٹ نے اس کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہائی کورٹ نے مفرور تاجر میہل چوکسی کی درخواست ضمانت فرار ہونے کے خطرے کے باعث مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ چوکسی کا ڈومینیکا سے کوئی تعلق نہیں ہے اور عدالت ایسی کوئی شرط عائد نہیں کر سکتی جس سے یہ یقین دہانی کرائی جا سکے کہ وہ فرار نہیں ہوگا۔مقامی میڈیا کے مطابق پی این بی بینک گھوٹالہ میں مطلوب 62 سالہ میہول چوکسی پیر کے روز ایک بار پھر عدالت میں پیش ہوگا۔ اس پر غیر قانونی طور پر ڈومینیکا میں داخل ہونے کا الزام ہے۔ چوکسی نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اسے اغوا کر کے زبردستی وہاں لایا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ 23 مئی کو چوکسی پراسرار حالات میں انٹیگوا اور باربوڈا سے لاپتہ ہو گیا تھا اور پھر اسے پڑوسی ملک ڈومینیکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔وہیں، کچھ دن قبل وزارت خارجہ کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ مفرور ہیرا تاجر میہول چوکسی ڈومینیکا حکام کی تحویل میں ہے اور وہاں اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی چل رہی ہے۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ مفرور افراد کو واپس لانے کے لئے تمام کوششیں جاری رکھیں گے۔ ہندوستانی حکومت مفرور ہندوستانی تاجروں وجے مالیا اور نیرو مودی کو برطانیہ سے حوالگی کے ذرایعے واپس لانے کے لئے کوششیں کر رہی ہے تاکہ ان پر یہاں مقدمہ چلایا جا سکے۔وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اقتصادی مجرموں کے موضوع پر برطانیہ – ہندوستان میں گزشتہ ماہ بات چیت ہوئی تھی اور برطانوی فریق کا کہنا تھا کہ ان کے ملک میں فوجداری نظام کی نوعیت کی وجہ سے کچھ قانونی رکاوٹیں ہیں۔ ایسے لوگوں کی جلد از جلد حوالگی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔