نئی دہلی: دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے ہندوستان کی ماہر موسمیات خاتون انا مانی کو ان کی104 ویں یوم پیدائش پر خصوصی ڈوڈل وقف کیا۔ ماہر طبیعیات اور ماہر موسمیات انا منی کو مٹیرولوجیکل لیڈی آف انڈیا کے نام سے جانا جاتا ہے ۔گوگل نے منگل کو اپنے ڈوڈل میں کیرالہ میں 1918 میں ایک شامی عیسائی خاندان میں پیدا ہونے والے عظیم ماہر موسمیات کو وقف کیا، ان کو فطرت کے خوبصورت مناظر والی کتابوں کے درمیان تحقیق میں مصروف دکھایا۔ تصویروں میں رنگوں کی آمیزش کافی پرکشش ہے ۔انا نے فزکس اور میٹرولوجی کے شعبہ میں بہت سے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی تحقیق نے ہندوستان کے لیے موسم کی درست پیشقیاسیاں کرنا اور قوم کے لیے قابل تجدید توانائی کے استعمال کی بنیاد رکھی۔انہوں نے ماہر طبیعیات اور پروفیسر سی وی رمن کے جونیئر کے طور پر بھی کام کیا۔ پروفیسر رمن اس وقت یاقوت اور ہیروں کی نظری خصوصیات پر تحقیق کر رہے تھے ۔مانی نے سال1939 میں پی پچائیپا کالج، چینائی سے فزکس اورکیمسٹری میں بی ایس سی آنرز میں گریجویشن کیا۔ ان کے پانچ تحقیقی مقالے شائع ہوئے ۔